جوبلی لائف انشورنس کا حکم

 فتویٰ نمبر:445

جوبلی تکافل کی ممبر شپ حاصل کرنے کی شرعی حیثیت  

 کیافرماتے ہیں علماء کرام  اس مسئلہ  سے متعلق کہ :

جوبلی تکافل  ۔ا یک ونڈو تکافل آپریشنز  ہے جس نے پاکستان  میں ایک سال قبل  اپنے کام کا آغاز کیاہے  ۔ ونڈو تکافل  آپریشنز  نے تکافل  کے نظام  کو مکمل طور پر  شرعی  اصولوں  کے مطابق  بنانے کے لیے  شریعہ اینڈ ایڈوائر کا انتخاب کیا ہے جو کہ  جامعہ  دارالعلوم  کراچی  کے فاضل  ومتخصص ہیں۔  اور ایک  شریعہ  کمپلائنز  آفیسر  جوآپریشنز مسائل کی  نگرانی  کے لیے  ایس ای  سی پی  کی گائیڈ لائن  کے مطابق   آفیشل  ٹائم کے  لیے آفس میں موجود  رہتے ہیں ۔ونڈو  تکافل  آپریشنز وقف اور وکالت  کی  بنیاد پر کام کرتی  ہے جو کہ مندرجہ  ذیل خصوصیات پر مشتمل  ہے ۔

 1۔ ونڈو تکافل آپریشنز کے شئیر  ہولڈرزنے  ایک مشترکہ وقف  فنڈ قائم کیاہے ( جسے  اب پی ٹی ایف سے  تعبیر کیاجائے گا )  اس  پی ٹی ایف  کا قیام  سرمایہ کے ایک حصہ کو وقف کرکے عمل  میں آیاہے  اور یہ وقف  شدہ اصل رقم سرمایہ کاری  میں لگائی جائیگی  ۔

2۔ پی ٹی ایف کے قوانین  کے مطابق  ہر شخص فنڈ ممبر  بننے کی درخواست  ( پرپوزل فارم )  پر کرکے  ونڈو  تکافل  آپریشنز کو پیش کرے گا جس میں ممبرشخصی  معلومات  کے علاوہ وقف  کے قوانین   ( جو کہ  پارٹسپنٹ  ممبر شپ  ڈاکومنٹ  میں موجود ہیں ) کی پابندی  کا التزام  کرنےا ور ایک رقم  بطور عطیہ   دینے کا  بھی التزام  کرتا ہے ۔ ونڈو تکافل آپریشنز اس  درخواست  پر غور کرکے  وقف کی روشنیمیں اوروقف فنڈ کی مصلحت  کو مد نظر رکھتے ہوئے  درخواست قبول کرتی ہے اور اس  درخواست دہندہ  کو  فنڈ ممبر ہونے اور فنڈ  سے  حاصل  ہونے والے تعاون  کی تفصیل  سے بھی مطلع کرتی ہے یا کسی وجہ سے   مصلحت نہ ہونے کی صورت میں درخواست  رد کردیتی ہے  ۔

3۔ پی  ٹی ایف کے درج ذیل  مقاصد ہیں  :

 (الف)  پی ٹی ایف اپنے ممبر شپ کے کاغذات میں بیان  شدہ نقصانات   پیش آنے  کی صورت میں مالی تعاون  فراہم کرےگا   ۔

 ( ب) پی ٹی ایف  اپنے ممبرز کو وقف نامہ کے مطابق  دیگر  منافع بھی فراہم کرے گا مثلا ً  کسی وقت  فنڈ  میں مناسب  اضافی رقم  جمع ہونے کی صورت میں اسے متعینہ  اصولوں کے مطابق  ممبرز  میں تقسیم کیاجائے  گا۔

  (ج)  پی ٹی ایف  شریعہ ایڈوڈائزر  سے منظور شدہ  عطیات عطیہ کرے گا ۔

4۔ پی ٹی ایف  ایسے قوانین  منضبط کرے گا  جن کی بنیاد  پر مستفیدین  میں فنڈ  ز کی تقسیم ہوسکے  اور یہ فیصلہ بھی کرے گا  کہ ا س کے نقصانات کی کس حد تک تلافی  کی جائے گی  ۔ا س کی تعیین ایکچوری کے حسابات ( یعنی  عام انشورنس  میں خطرات  اور پریمیم کا حساب  لگانا  ) کے مطابق بھی کی جاسکتی ہے ۔

5) پی ٹی ایف  وقف ہونے کی حیثیت  سے اپنے  تمام  شرکاء  کی طرف سے جمع کرائی جانے والی رقم  کا مالک ہوگا اور شخص قانونی   ہونے کی وجہ سے  پی ٹی ایف  سرمایہ کاری  کرنے ، نقصانات کی تلافی   کرنے اورزائد رقوم  کے انتظام  وغیرہ جیسے معاملات  انجام دے گا  نیز  شرعی  قوانین کے مطابق وقف   فنڈ کو یہ اختیار  ہوگا وہ زائد  آمدنی کا مکمل حصہ یا کچھ حصہ  احتیاطی  فنڈ  کے طور پر  رکھے یا مکمل  طور پر  یا اس کا  کچھ حصہ  وقف  فنڈ  کے قوانین  کے مطابق  شرکاء میں تقسیم  کردے  البتہ  جیساکہ  شریعہ  ایڈوائزر نے مشورہ دیاہے  کہ ونڈو تکافل  آپریٹر زائد   رقم  مندرجہ ذیل  تین بنیادوں  پر تقسیم کرے گا ۔

 ( الف)  زائد  رقم  کا کچھ  احتیاطی  فنڈ  کے طور پر رکھاجائے گا تاکہ مستقبل  کے  نقصانات  کو کم کیا جاسکے  ۔

 ( ب) زائد رقم کا کچھ حصہ  پی ٹی ایف  کے شرکاء  میں تقسیم  کردیاجائے  گا تاکہ عام مروجہ  انشورنس سے امتیاز ہوسکے  ۔

( ج) گنجائش ہونے کی صورت  میں زائد رقم کا کچھ حصہ  ہرسال  رفاہی  مقاصدمیں خرچ کیاجانا چاہیے  ۔

6۔وقف کے قوانین  کے مطابق  اگر فنڈ  نقد  میں تبدیل  ہوگیا  تو واجب  الاداء  رقوم کی ادائیگیوں  کے بعد  پی ٹی ایف  کی بقایا رقم  شریعہ  ایڈوائزر  کی جانب  سے طے  کردہ بہتر کار  کے مطابق  رفاہی  مقاصد میں استعمال   کی جائے گی ۔ تاہم  سیڈنگ  اماؤنٹ (ا صل وقف شدہ  فنڈ  میں منتقل کردی جائے گی ۔

7)  پی ٹی ایف کے منتظم  ہونے کی وجہ سے ونڈو تکافل  آپریشنز کی دو حیثیتیں  ہیں :

 ( الف)  وقف  کے منتظم  ہونے کی حیثیت  سے ونڈو تکافل  آپریشنز  وکالت کی فیس کے عوض  پی ٹی ایف  کے انتظامات  کرے گی  اور یہ وکالہ فیس وقف  کو حاصل ہونےو الے  عطیات کا  ایک مخصوص فیصدی  حصہ ہوگا جو وقف  فنڈ سے ادا کیاجائے گا  نیز منتظم  ہونے کی حیثیت سے ونڈو تکافل  آپریشنزوقف نامہ کے مطابق  پی ٹی ایف سے متعلقہ  تمام  ضروری  امور انجام  دے گی ۔

 ( ب)  ونڈوتکافل   آپریشنز  کی دوسری  حیثیت  مضارب  ونڈو  تکافل   آپریشنز پی ٹی ایف   کے زائد فنڈ کی سرمایہ کاری  سے حاصل شدہ نفع  کے ایک طے شدہ  حصے  میں شریک ہوگی ۔

شریعہ ایڈوائزر  نے تکافل  کی پالیسیوں  سے متعلق مندرجہ ذیل قانونی  دستاویزات  کا جائزہ  لے کر ان کی منظوری  دی جائے۔

1۔ وقف نامہ

2۔وقف پالیسی

3۔فنڈ  کے ممبر  بننے کی درخواست  

4۔ نقصان کی تلافی  کے لیے  داخل کیاجانے والا  فارم

فی الحال  تکافل  ونڈو تکافل  آپریشنز مندرجہ ذیل  تکافل  ممبر  شپ کی سہولت  فراہم  کررہی ہیں ۔

1۔فیملی تکافل  ہلان

2۔ چائلڈ ایجوکیشن  تکافل  پلان  

3۔میرج تکافل پلان  

4۔  سیونگز پلان

نوٹ : ان  مذکورہ  بالا تمام  ڈاکو منٹس کی کاپی منسلک کی گئی  ۔

ونڈو تکافل  آپریشنز  کے شریعہ  ایڈوائزر  نے معیاری  تکافل  کے معاہدات  کا بھی جائزہ لیا ہے ۔ اور ان کمپنیز  کے ساتھ ری تکافل  کا معاہدہ  کرنے کی بھی اجازت  دی ہے ۔

نیز شریعہ ایڈوائزر وقتاً فوقتاً ونڈو تکافل  آپریشنز کے افعال ، طریقہ  کار ، نظام  اور دستاویزات  کا جائزہ  لیتے ہیں  اورا سے شریعت  کے مطابق  ڈھالنے کی  ہدایت دیتے ہیں ۔

مذکورہ بالاامور کی روشنی میں دریافت  طلب امر  یہ ہے کہ جوبلی  فیملی تکافل   ( ونڈو تکافل آپریشنز  )  کی مذکورہ  بالا تکافل  ممبر شپ حاصل کرنا جائز ہے یا نہیں ۔

والسلام

محمد ثاقب الدین صدیقی 

الجواب حامداومصلیاً

  جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ ونڈو تکافل  آپریشز کے تکافل  پلانز اگر واقعہً وقف  اور وکالت  کےا صولوں  پر مبنی  ہوں ،ا ور کمپنی  انہی کےا صولوں  کے مطابق  کام کرتی ہو جس کی نگرانی  مستندعلماء  کرتے ہوں  تو ونڈو تکافل  آپریشنز کے تکافل  پلانز کی رکنیت لینا،  وقف  فنڈ  میں تعاون  کرنا اورا س کی دیگر پالیسیوں  سے فائدہ اٹھانا  شرعاً جائز ہے ۔

جوبلی تکافل کمپنی  کا یہ حکم اس وقت  تک ہے جب تک  اس کے معاملات  مستندعلماء کی  نگرانی  میں ہورہے ہوں  اورا س میں  شرعی تقاضوں  کو بھی پورا کیاجارہاہو۔ اگر  کسی وقت  اس کے معاملات میں انحراف سامنے  آیا اور معاملات  کی شرعی نگرانی  کا اہتمام   باقی  نہ رہا تو یہ حکم بھی  باقی نہیں  رہے گا ۔

واللہ  تعالیٰ اعلم بالصواب  

حسین احمد  کان عفا اللہ عنہ  

دارالافتاء جامعہ بنوریہ عالمیہ  کراچی  

عربی حوالہ جات اور مکمل فتویٰ   پی ڈی ایف فائل  میں حاصل کرنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/498002927235624/

اپنا تبصرہ بھیجیں