پینٹ شرٹ پہننے کا حکم

فتویٰ نمبر:09

 سوال : کیا پینٹ شرٹ پہننے سے انگریزو ں کے ساتھ تشبہ لازم آتا ہے یا نہیں ؟ اور پینٹ شرٹ پہننا جائز ہے یا نہیں ؟

2۔ اور اگر معیاری اسکول نہ ہواور معیاری اسکول میں پینٹ  شرٹ پہننا لازم ہو تو  کیا  بچوں کو  پھر پینٹ شرٹ پہننے والے اسکول میں داخل کرنا  بہتر   ہے یا نہیں ؟

3۔پینٹ شرٹ پہننے سے کیا بچوں پر برے اثرات پڑتے  ہیں؟

الجواب حامداومصلیا ً

  • پینٹ شرٹ وغیرہ صالحین کا لباس نہیں ہے  بلکہ کافروں کا چلایاہوا لباس ہے  لہذا پنے اختیار  کےساتھ اس کا انتخاب  ناپسندیدہ اور مکروہ ہے اس قسم کے لباس سے بچنا چاہیے  البتہ اگر ملازمت  کی مجبوری ہو جیسا کہ پولیس ، فوج میں ہوتی ہے تو وہاں وقتی طور پر دوران ملازمت  اس کے استعمال کی گنجائش ہے  ، البتہ پتلون چست نہ ہو اور ٹخنوں سے  نیچے نہ رکھیں۔ اور جب ملازمت کی پابندی کا وقت ختم ہو اپنا اصل لباس اختیار  فرمالیں ۔ ( ماخزہ تبویب 33/167 ) باختصار
  • بہتر تو یہی ہے کہ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت  کے لیے ایسے اسکولوں کاانتخاب کیاجائے جو دینی ماحول میں یا کم ازکم اسلامی اقدار  کی رعایت  کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم وتربیت  کرتے ہوں اور دور حاضر  میں ایسے اسکول موجود بھی ہیں ۔تاہم بوقت  حاجت سوال میں مذکور مجبوری  کی صورت میں بچوں کو ایسے اسکول میں بھی تعلیم دلانا جائز ہے جن کے ہاں  بطور  یونیفارم  پینٹ شرٹ  پہننے لازم ہو۔ تاہم یہاں  بھی وہی تفصیل مد نظر  رکھیں جو سوال  نمبر 1 کے جواب  میں گزری ہے ۔
  • چونکہ پینٹ شرٹ  نیک اور صالح  لوگوں کا لباس نہیں  بلکہ اس کے پہننے والوں کی اکثریت  وہ لوگ ہیں جو  جو دینی ماحول سے دور ہیں یا اس کے  پہننے والے غیر مسلم  ہیں اس لیے  برے اثرات  پڑنے کا خدشہ ہے ۔ لہذا ایسے اسکولوں میں  بچوں کو پڑھانے والے والدین  کی ذمہ داری ہے کہ  اپنے بچوں کو برے اثرات  سے محفوظ  رکھنے کا خصوصی اہتمام   بھی کریں ۔

واللہ اعلم بالصواب

الجواب صحیح

احقر محمد اشرف  غفراللہ

مفتی دارالافتاء دارالعلوم  کراچی

2 /1 جمادی الاولیٰ 1437 ہجری

11/فروری  2016/عیسوی

احقر  شاہ محمد تفضل  علی

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم  کراچی

2/ جمادی الاولیٰ /1437 ہجری

11/فروری 2016 / عیسوی 

عربی حوالہ جات اور مکمل فتویٰ پی ڈی ایف فائل میں حاصل کرنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/554117301624186/

اپنا تبصرہ بھیجیں