روزے کی حالت میں انہیلر کے استعمال کا حکم

سوال:روزے کی حالت میں انہیلر کااستعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں ؟

جواب:ڈاکٹروں کی تحقیق کے مطابق(inhaler)انہیلر کے استعمال کرنے سے صرف ہوا اندر نہیں جاتی بلکہ اس کے ساتھ دوائی کے ذرات پیٹ کے اندر جاتے ہیں ، اس لئے روزہ کی حالت میں (inhaler)انہیلر کا استعمال کرنا جائز نہیں ہے، اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔لیکن اگر(inhaler)انہیلر استعمال کئے بغیر آپ کے لئےروزہ رکھنا مشکل ہو اور بیماری بڑھنے لگے اور روزہ کے اوقات میں انہیلر استعمال کئے بغیر کوئی چارہ کار نہ ہو تو روزہ نہ رکھیں اور بعد میں چھوٹے ہوئے روزہ کی قضاء کرلیں، ان چھوٹے ہوئے روزوں کو بعد میں وقفے وقفے سے رکھ سکتے ہیں ۔ تاہم اگر بیماری ایسی ہو کہ بعد میں بھی انہیلر استعمال کئے بغیر روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو اور اس مرض سے صحت یابی کی اُمید بھی ختم ہوجائے تو ہر روزہ کا فدیہ ادا کردیں ،ایک فدیہ کی مقدار صدقہ فطر کے برابر ہے۔
لیکن اگر بعد میں اس بیماری سے شفا حاصل ہوگئی اور روزہ رکھنے کی طاقت آگئی،تو پھر اُن سب روزوں کی قضاء کرنا ضروری ہوگااور جو فدیہ ادا کردیا تھا وہ صدقہ بن جائیگا۔
الدر المختار:(2 / 421)
(أو مريض خاف الزيادة) لمرضه وصحيح خاف المرض، وخادمة خافت الضعف بغلبة الظن بأمارة أو تجربة أو بأخبار طبيب حاذق مسلم مستور وأفاد في النهر تبعا للبحر جواز التطبيب بالكافر فيما ليس فيه إبطال عبادة.
حاشية ابن عابدين : (2 / 395)
(قوله: أنه لو أدخل حلقه الدخان) أي بأي صورة كان الإدخال، حتى لو تبخر ببخور وآواه إلى نفسه واشتمه ذاكرا لصومه أفطر لإمكان التحرز عنه
واللہ تعالی اعلم بالصواب

 
 
 

اپنا تبصرہ بھیجیں