توحید رسالت اور آخرت کے قرآنی دلائل

قرآن کریم میں توحید، رسالت اور قیامت کے جو دلائل بیان ہوئے ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے

دلائل توحید:

1۔ دلیل قدرت،   یعنی  عبادت ایسی  ہستی کی کرنی چاہیےجو  لازوال و بے مثال   ہو، جس کی قدرت ہر چیز  پر حاوی ہو! ایسی ہستی واحد اللہ رب العزت کی ہستی ہے۔

2۔ خود انبیاء واولیاء اور بزرگ ہستیاں بھی اللہ ہی سے مانگا کرتے اور اسی کے در پر حاضری دیتے تھے۔اس لیے ان کے معتقدین کو بھی اسی  سے مانگنا چاہیے!

3۔  خدائی کے لائق ذات وہ ہے جو کسی کی محتاج نہ  ہو  جبکہ  حقیقت یہی ہے کہ اللہ  رب العزت کے  علاوہ سب کچھ مخلوق ہے ۔ اس کے علاوہ سب محتاج ہیں۔

4۔ دلیل ربوبیت، یعنی جب پالتے اللہ ہیں ، کھلاتے پلاتے اللہ ہیں تو عبادت بھی اسی کی کرنی چاہیے!

5۔ تاریخ بتاتی ہے کہ توحید اس دنیا کا اصل مذہب ہے، یہی وجہ ہے کہ  انسان اول سے لے کر تمام ہی نبیوں   اور رسولوں نے  عقیدہ توحید کی تعلیم وتلقین کی اور اپنی اپنی قوموں پر واضح کیا کہ توحید ہی تمہارا اصل عقیدہ ہے،شرک بعد میں پھیلا ہے، شرک سے باز آجاؤ اور اصل مذہب توحید اختیار کرلو!

دلائل رسالت:

1۔ جب  اللہ رب العزت نے انسان کےظاہر اور اس کے جسم کی صحت کے لیے نظام بنایا ہے توانسان کے باطن  اور اس کی روح کے لیے کیوں نظام نہیں بنایاہوگا؟ انسان کو پیدا کرتے وقت ہی اللہ تعالی نے یہ قاعدہ جاری فرمایا تھا کہ میں تمھارے دلوں کی اصلاح اور اپنے پیغامات کی ترسیل کے لیے نبیوں اور رسولوں کو بھیجوں گا تمہیں ان پر ایمان لانا ضروری ہوگا۔

2۔ تاریخ گواہ ہے کہ منکرین رسالت کا انجام برا ہی ہوا ہے۔

3۔  انبیائے کرام علیہم الصلوات والتسلیمات مقدس اور پاکیزہ عادات وصفات  اور بلند اخلاق وکردارکے مالک ہوتے ہیں۔ یہ خود ان کی سچائی کی دلیل ہے۔

4۔  پاکیزگی اور نظافت وحیا  سے بھرپوراور فطرت سے مطابقت رکھنے والی تعلیمات بھی  انبیائے کرام کی کی سچائی کی نشانی ہوتی ہیں۔

رسالت محمدی کے خصوصی  دلائل:

1۔ توریت و انجیل میں رسول امی  کی پیشین گوئیاں کی گئیں ہیں۔

 اس پیشین گوئی میں رسول اور امی دونوں ہی لفظ قابل غور ہیں۔ رسول نئی کتاب نئی شریعت لے کرآتے ہیں،  آنحضرت ﷺ بھی نئی کتاب نئی شریعت لے کر آئےاس لیے یہود کو نئی شریعت  اور اس کے جدید احکام پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے!امی کا اطلاق  یہود کے ہاں عرب قوم پر ہوتا تھا۔ اس لیے اس پیشین گوئی کے مصداق بھی آنحضرتﷺ ہیں۔

2۔ قران کریم آنحضرتﷺ کے نبی برحق ہونے کی زندہ نشانی ہے۔ یہ امت تعلیم یافتہ امت ہے لیکن اتنی تعلیم کے باوجود کوئی بھی آج تک اس جیسی کتاب بناکر نہیں لاسکا۔

دلائل آخرت:

1۔ جوڑے کی دلیل، یعنی ہر چیز کائنات میں زوج (جوڑا جوڑا) پیدا کی گئی ہے،   نیکی کے مقابلے میں بدی، زندگی کے مقابلے میں موت  وغیرہ، سو دنیا کا بھی کوئی جوڑ ہونا چاہیے اور وہ ہے آخرت!

2۔ تاریخ بتاتی ہے کہ قیامت کے منکر ہلاک ہوئے۔

3۔ دلیل قدرت، کہ  اللہ تعالی دنیا میں ہماری نظروں کے سامنے مردہ  اور بنجرزمین کو  بارش برسا کرزندہ کردیتے ہیں تو قیامت میں مردہ انسانوں کو دوبارہ زندہ کرنا اس کے لیے کیا مشکل ہے؟

4۔   پیش بندی اور احتیاط کا تقاضہ یہ ہے کہ انسان عقیدہ آخرت کو مان لے ورنہ اس وقت کا پچھتاوا کسی کام کا نہیں جب پانی سر سے گزرچکا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں