اجازت نامہ برائے اشاعت فتاوی دارالعلوم کراچی از مفتی رفیع عثمانی عفااللہ عنہ

بخدمت مفتی اعظم پاکستان وصدرجامعہ دارالعلوم کراچی 

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

امید ہے کہ مزاج گرامی بخیروعافیت ہوں گے!

ناچیز کاتعارف:

اس عاجزونااہل کانام محمدانس ولدعبدالرحیم ہے۔مادری زبان گجراتی ہے۔موجودہ رہائش نیوکراچی گودھراکیمپ ہے۔آباء واجدادنےگودھراانڈیاسےپاکستان ہجرت کی۔عاجزنے جامعہ معہدالخلیل الاسلامی سے درس نظامی کیا۔دورہ حدیث میں ۵۸۴ نمبر ملے ۔ اس کے بعد جامعۃ الرشیدکراچی سےتخصص فی الافتاء کیا۔مولاناسیدعدنان کاکاخیل صاحب ہمارے تخصص فی الافتاء کے ساتھی رہے۔ایک سال دارالافتاء جامعہ معہد الخلیل الاسلامی میں خدمت کی سعادت حاصل رہی۔اس کے بعد سے بارہواں سال ہے، رب کریم کے فضل کے سہارے یہ ناچیز حضرت مفتی سعیداحمد، امام وخطیب عالمگیرمسجد بہادرآباد کے ادارے جامعۃ السعید سے وابستہ ہے۔

الحمدللہ!اس وقت بندہ ماہ نامہ زادالسعید کراچی اوردارالافتاءجامعۃ السعیدکاذمہ دار ہے۔حضرت مفتی سعیداحمد صاحب ہی کی سرپرستی میں’’شریعہ انسائیکلوپیڈیا‘‘ اور’’ خوابوں کی تعبیر کا انسائیکلوپیڈیا ‘‘ کی ذمہ داری بندے کے حوالے ہے۔بفضلہ تعالی! تخصص کے کچھ اسباق مولانا عثمان نوی والا (مصنف ہدیۂ خواتین ) کے ادارے ’’نورمحمدریسرچ سینٹر، بہادرآباد‘‘میں اورتفسیروحدیث کچھ اسباق لالوکھیت کے ایک مدرسے’’مدرسہ حفیظیہ‘‘میں بھی پڑھارہاہے۔ناچیز کےچندایک تحریری مجموعے بھی ہیں جن میں سے ایک ’’مستورات ڈائری‘‘ کے نام سےحال ہی میں طبع ہوا ہے۔دوعددذاتی ادارے ہیں:ایک محلے کے بچوں بچیوں کے لیےمکتب فاطمہ زہراء۔دوسرا:آن لائن تعلیم کا سلسلہ بنام ’’ صفہ آن لائن کورسز‘‘ ۔ان کے علاوہ ناچیز نے ایک ویب سائٹ بھی بنارکھی ہے۔

مراسلے کا مقصد:

جیسا کہ آپ کے علم میں ہے یہ دور سوشل میڈیا کا دورہے۔سوشل میڈیا عصر حاضر کی ایک بہت بڑی طاقت بن چکاہے۔دارالعلوم کراچی کے لیے یقیناً بڑے فخرواعزاز کی بات ہے کہ سوشل میڈیا کی دنیا میں اس کے فتاوی کو سب سےنمایاں مقام حاصل ہے۔یہاں جس قدر احترام اور مقبولیت دارالعلوم کے فتاوی کو حاصل ہے وہ شایدکسی اور ادارے کے فتاوی کوحاصل نہیں۔ 

دارالعلوم کراچی کے فتاوی ہمیں وقتاً فوقتاً واٹسپ ، فیس بک اور ٹیلی گرام چینلز کے ذریعے موصول ہوتے رہتے ہیں۔ہم نے ان فتاوی سے استفادے کو آسان بنانے اور ان کو یکجا محوظ رکھنے کے لیےایک طریقہ تجویز کیا ہے۔جیسا کہ تعارف میں عرض کیا کہ ہماری ایک ویب سائٹ ہے۔اس ویب سائٹ کا نام ہے (www.suffahpk.com)۔اس کے کئی موضوعات ہیں ۔ ایک موضوع فتاوی بھی ہے۔ ہم نے دارالعلوم کراچی کےان فتاوی کویہاں پوسٹ کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ان فتاوی کی تعدادفی الحال ۱۰۰ سے تجاوز کرگئی ہے۔’’فتاوی دارالعلوم کراچی ‘‘ کے نام سے ایک الگ کیٹگری بناکردارالعلوم کے فتاوی کا مجموعہ اس میں محفوظ کررکھا ہے۔آپ کا جو بھی فتوی ہمیں موصول ہوتا ہے ہم اس کو اردو نستعلیق میں ٹائپ کرواکر یہاں پوسٹ کرتے ہیں ۔ اصل فتوی کی پی ڈی ایف کو اسی کے ساتھ ایک لنک کے ذریعے فیس بک گروپ پر محفوظ رکھتے ہیں۔پروف ریڈنگ کے لیے ایک مناسب نظام وضع کیا گیا ہے؛تاکہ نقل مطابق اصل رہے۔

ویب سائٹ کا لنک یہ ہے: http://www.suffahpk.com/category/fatawa-darul-uloom-karachi/

کام شروع کردینے کے بعد خیال آیا کہ یہ فتاوی دارالعلوم کراچی کی امانت ہیں۔اس لیے خود دارالعلوم سے اس طریقۂ کار کی منظوری یا کم ازکم رضامندی اور اطلاع ضروری ہے۔اس کے لیے ہم نے پہلے حضرت مفتی محمود اشرف عثمانی صاحب سے رابطہ کیا ، حضرت مفتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نہایت خندہ پیشانی سے پیش آئے اور اس کام کے حوالے سے آپ حضرات کی طرف رجوع کرنے کا حکم فرمایا ۔ہم یہ واضح کرتے چلیں کہ ہمارا ان فتاوی کو آپ حضرات کی مرضی کے بغیر کتابی صورت میں شائع کرنے کا ہرگز کوئی ارادہ نہیں،محض ویب سائٹ پر ان کو پوسٹ کرنے کی اجازت مطلوب ہے۔دارالعلوم جب بھی اشارہ کرے گا فتاوی کا یہ مجموعہ ان پیج یا ورڈ کی صورت میں بلامعاوضہ حاضر ِخدمت کردیاجائے گا۔

امید ہے کہ نظر کرم فرمائی جائے گی ۔ہماری ویب سائٹ کو اس اعلی خدمت کے قابل سمجھاجائے گا۔نیز اس حوالے سے ہماری راہ نمائی بھی کی جائے گی۔جوابی لفافہ منسلک ہے۔

ملتمس: بندہ محمدانس عبدالرحیم

03152145846

786anasraheem@gmail.com

(مشاورت )

سرسری طور پردیکھنے سے بندے کو اس میں کوئی حرج نظر نہیں آتا۔نائب صدر صاحب کی بھی رائے ہو توان کو اجازت دیدی جائے۔

رفیع

۲۹۔۳۔۱۴۳۹ھ

جواب حضرت مفتی تقی عثمانی

بندے کی رائے میں بھی کچھ حرج نہیں ہے۔

محمد تقی

۲۔۴۔۳۹ھ

جواب حضرت مفتی رفیع عثمانی

از محمد رفیع عثمانی عفااللہ عنہ

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

آپ کےاس جذبے اور تجویز سے بہت خوشی ہوئی، بنامِ خدا تعالی اجازت ہے۔

والسلام

محمدرفیع عثمانی عفااللہ عنہ

۵ربیع الثانی ۱۴۳۹ھ

اجازت از مفتی رفیع عثمانی مدظلہم

اپنا تبصرہ بھیجیں