جماعت سے متعلق اہم مسائل
1-جماعت کم سے کم دو آدمیوں کے مل کر نماز پڑھنے کو کہتے ہیں، ایک شخص ان میں تابع ہو اور دوسرا متبوع، متبوع کو امام اور تابع کو مقتدی کہتے ہیں۔
2-امام کے سوا ایک آدمی کے نماز میں شریک ہوجانے سے جماعت ہوجاتی ہے، چاہے وہ آدمی مرد ہو یا عورت، غلام ہو یا آزاد، بالغ ہو یا سمجھدار نابالغ بچہ۔
3- جمعہ وعیدین کی نماز میں امام کے علاوہ کم سے کم تین آدمی ہونے چاہئیں،اس کے بغیر جماعت نہیں ہوتی۔
4-جماعت کے لیے یہ ضروری نہیں کہ فرض نماز ہو بلکہ اگر نفل بھی دو آدمی اسی طرح مل کر پڑھیں تو جماعت ہوجائے گی،چاہے امام اور مقتدی دونوں نفل پڑھتے ہوں یاصرف مقتدی نفل پڑھتا ہو، البتہ نفل کی جماعت کا عادی ہونا یا تین مقتدیوں سے زیادہ ہونا مکروہ ہے۔
5- عورتیں اپنی نماز الگ الگ پڑھیں، جماعت سے نہ پڑھیں اور نہ ہی جماعت کے لیے مسجد جائیں۔ اگر کوئی عورت اپنے شوہریاکسی محرم کے ساتھ جماعت کے ساتھ نماز پڑھے تو اس کے مسائل کسی مستند عالم سے پوچھ لے۔
6-جب عورت کسی مرد کے ساتھ جماعت میں شریک ہوگی تو عورت کو چاہیے کہ مرد کے برابر کھڑی نہ ہو، بالکل پیچھے رہے، ورنہ اس کی نماز بھی فاسد ہوگی اور اس مرد کی نماز بھی فاسدہوجائے گی۔