خواجہ سراؤں کا مذاق اور ان کی نماز جنازہ

فتویٰ نمبر:962

سوال: محترم جناب مفتیان کرام! 

مجھے یہ پوچھنا تھا کہ خواجہ سرا ہماری سوسائٹی کا حصہ ہیں تو اب کیا ان کو برا بھلا کہنا اور مذاق اڑانا جیسے لوگ کرتے ہیں. کیا یہ درست ہے. اور ان کے مرنے کے بعد نماز جنازہ کا کیا حکم ہے

والسلام

سائلہ کا نام: بنت عبداللہ

الجواب حامدۃو مصلية

کسی انسان کا مذاق اڑانا یا اس پر آوازیں کسنا اس کی تحقیر اور بے عزتی کے زمرے میں آتا ہے، اسی لیے روایات میں کسی کی آبرو کو نقصان پہنچانےکی واضح الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے سرور عالم نے فرمایا: “جو کوئی کسی مسلمان کی آبروریزی کرتا ہے تو اس پر اللہ فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہوتی ہے اس کی نفل اور فرض عبادت قبول نہیں ہوتی.”

(صحیح بخاری:جلد دوم:حدیث نمبر 440 )۔

خواجہ سرا مسلمان ہو تو اس کی نماز جنازہ بھی ہے اور اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن بھی کیا جائے گا۔ خواجہ سراء اگر بڑی عمر کا ہو پھر تو آسانی سے معلوم ہو جاتا ہے کہ نماز جنازہ کس طرح پڑھی جائے وہ تو جس طرح بالغ مسلمان کی نماز جنازہ پڑھتے ہیں اسی طرح ادا کریں گے۔ لیکن جب چھوٹی عمر کا ہو تو پھر دیکھا جائے گا مذکر کی طرح ہے تو مذکر والی دعا پڑھیں گے مؤنث کی طرح ہے تو لڑکی والی دعا پڑھیں گے ہاں ایک خنثی مشکل ہے جس کا معلوم نہیں ہوتا کہ مذکر ہے یا مؤنث یعنی بالکل ہی معلوم نہیں ہوتا کہ مذکر سے مشابہت ہے یا مؤنث سے تو اس صورت میں لڑکے والی دعا پڑھیں گے۔اگر لڑکی والی دعا پڑھ دی تب بھی جائز ہے.

(مستفاد: فتاویٰ دارالعلوم ۵؍ ۳۶۸) 

“عن أبي ہریرۃ رضي اللّٰہ تعالیٰ عنہ أن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: صلوا علی کل بر وفاجر۔”

(السنن الکبریٰ للبیہقي ۴؍۲۹ رقم: ۶۸۳۲ بیروت، شامی ۳؍۱۰۲ زکریا، شامي ۲؍۲۰۷ کراچی)

“فکل مسلم مات بعد الولادۃ یصلی علیہ صغیراً کان أو کبیراً، ذکراً کان أو أنثی… لقول النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم: ’’صلوا علی کل بر وفاجر‘‘۔ 

(بدائع الصنائع، کتاب الصلاۃ / الجنائز، فصل: وأما بیان من یصلی علیہ ۲؍۴۷ رشیدیۃ)

“وحاصلہ أنہ کالأنثی في جمیع الأحکام إلا في مسائل۔”

(الأشباہ والنظائر / أحکام الخنثی ۳؍۳۷۹ کراچی، بحوالہ حاشیۃ: فتاویٰ محمودیہ ۸؍۶۴۳ ڈابھیل)

و اللہ سبحانہ اعلم

بقلم :بنت یعقوب

قمری تاریخ: ۴ ذوالحجہ ۱۴۳۹

عیسوی تاریخ: ۱۶ اگست ۲۰۱۸

تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم

ہمارا فیس بک پیج دیکھیے. 

فیس بک:

https://m.facebook.com/suffah1/

ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں. 

ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک

https://twitter.com/SUFFAHPK

ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:

www.suffahpk.com

ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں:

https://www.youtube.com/channel/UCMq4IbrYcyjwOMAdIJu2g6A

اپنا تبصرہ بھیجیں