کاروبار میں نفع متعین کرنے کا حکم

فتویٰ نمبر:971

سوال: السلام علیکم! سوال یہ ہے کہ خالد کی ۵ بھنوں نے اپنی کچھ رقم خالد کو دی کہ اسے اپنی دکان پر کام میں لگا ديں اور ہر مہینے نفع انکو برابر دے دیں ۔اب خالد ہر ماہ اپنی ہر بہن کو دکان سے ۱۰۰۰ روپے دیتا ہے۔

آیا یہ طریقہ صحیح ہے؟ اس طرح ہزار روپےمخصوص کرنا؟؟ برائے مہربانی رہنمائی فرما دیں

والسلام

الجواب حامداو مصليا

مذکورہ طریقے پر کسی کے ساتھ کاروبار میں شرکت کرنا جائز نہیں ہے ،بہنوں کا کچھ رقم دے کر ایک متعین رقم یعنی ایک ہزار روپے بطور منافع لینا درحقیقت سودی معاملہ ہے جو قطعا جائز نہیں ۔اگر بہنیں اپنے بھائی کے ساتھ شرکت کی بنیاد پر کاروبار کرنا چاہتی ہیں تو ان پر ضروری ہے کہ شرائط شرکت کو سامنے رکھتے ہوئے “عقد شرکت”کا معاملہ کریں ،شرکت کی بنیادی شرائط یہ ہیں : 

(۱) منافع حصہٴ مشاع یعنی فیصد (مثلاً جو کچھ نفع ہوگا اس کا نصف،یا تہائی) کے طور پر طے ہو، متعین رقم کی شکل میں منافع طے کرنا جائز نہیں ہے، منافع باہم رضامندی سے کسی بھی تناسب سے طے کیا جاسکتا ہے، البتہ اتنا لحاظ ضرور ی ہے کو جو شخص صرف رقم سے شریک ہو، ”عمل“ اس کے ذمے نہ ہو تو اس کا منافع سرمایہ کے تناسب سے زیادہ متعین کرنا درست نہیں ہے۔ 

(۲) بہ وقتِ عقد دونوں کا سرمایہ معلوم ہو۔

(۳) اگر کبھی خسارہ ہوجائے تو تمام شرکاء کو بقدر سرمایہ برداشت کرنا ہوگا، خسارہ کو ایک پر ڈالنا شرعاً جائز نہیں ہے۔ منہا (شرائط جواز الشرکة) أن یکون الربح معلوم القدر․․․ وأن یکون جزءاشائعًا في الجملة لا معینا․․․ أما الشرکة بالأموال فلہا شروط، منہا أن یکون رأس المال من الأثمان المطلقة․․․ وہي الدراہم والدنانیر عنانًا کانت الشرکة أو مفاوضة․․․ولو کان من أحدہما دراہم ومن الآخر عروض فالحیلة فی جوازہ أن یبیع کل واحد منہما نصف مالہ بنصف دراہم صاحبہ ویتقابضاویخلطا جمیعًا حتی تصیر الدراہم بینہما والعروض بینہما ثم یعقدان علیہما عقد الشرکة فیجوز (بدائع الصنائع: ۵/۷۷، ط: زکریا دیوبند)

قال الحصکفی : (وکون الربح بینہما شائعا) فلو عین قدرا فسدت۔( الدر المختار مع رد المحتار : ۶۴۸/۵، کتاب المضاربة ، ط: دار الفکر ، بیروت )

و اللہ سبحانہ اعلم

بقلم : 

قمری تاریخ:22صفر1440ھ

عیسوی تاریخ:1نومبر2018

تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم

ہمارا فیس بک پیج دیکھیے. 

فیس بک:

https://m.facebook.com/suffah1/

ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں. 

ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک

https://twitter.com/SUFFAHPK

ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:

www.suffahpk.com

ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں:

https://www.youtube.com/channel/UCMq4IbrYcyjwOMAdIJu2g6A

اپنا تبصرہ بھیجیں