جمعہ مبارک کہنے کی بِدعت 

سوال: کیا ایسی بات مفتی صاحب کی طرف نسبت دے کر کہی جاسکتی ہے کیوںکہ سنا ہے بات تو صحیح ہے مگر مفتی صاحب نے نہیں فرمایا؟

جمعہ مبارک کہنے کی بِدعت

مولانا مفتی تقی عثمانی

آج سے 50 سال بعد نئی نسل میں جمعہ کی مبارک دینا ایک لازمی قسم کا رواج بن چُکا ہو گا۔

اور مزید پچاس ساٹھ سال میں اسےایک سنت یافریضےکےطورجانا جاے گا۔

اسوقت جو لوگوں کو بتائے گا کہ:،، یوم جمعہ کی مبارکباد دینا نہ تو سنت ہے نہ فرض، بلکہ اسے ایسا سمجھنا بدعت ہے، کیونکہ ایساکرنا قرآن وحدیث اور صحابہ سے ثابت نہیں ہے،

تو لوگ اس سے کہیں گے،، تم عجیب باتیں کر رہے ہو، ہم نے تو اپنے باپ دادا کو ایسے ہی کرتے دیکھا ہے اور انکے علماء بھی انکو منع نہیں کرتے تھے تو تم ان علماء سے زیادہ علم رکھتے ہو؟ بلکہ تم نئی بات کر رہے ہو،،

وہ شخص اس دور کا وہابی کہلائے گااور بزرگوں کا گستاخ ٹھہرے گا حالانکہ حق پر ہو گا ہماری آنکھوں کے سامنے سوشل میڈیا کی ایجاد کے بعد پروان چڑھنے والی ان گنت ایسی بدعات اور خود ساختہ خرافات اور موضوعات کی حوصلہ شکنی کیجیے اور اپنے آپ کو اور آئندہ نسل کو بدعات سے بچائیے

اگر یوم جمعہ کی مبارک دینا مستحسن کام ہوتاتو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ضرور بہ ضرور اسکا حکم دیتے اور صحابہ کرام اسے ضرور اپناتے کیونکہ وہ دین کی سمجھ اور نیک عمل کی محبت میں یقیناً ہم سے آگے تھے۔

وَمَا عَلَيْنَا إِلاَّ الْبَلاَغُ الْمُبِينُ. اور ہماری ذمہ داری اس سے زیادہ نہیں ہے کہ صاف صاف پیغام پہنچا دیں۔

جواب: اس پوسٹ کو مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتھم کی طرف نسبت کرکے پھیلانے سے گریز کریں؛ کیونکہ یہ مفتی صاحب کی تحریر نہیں ہے تاہم مفتی صاحب نے جمعہ مبارک کہنے کے سلسلے میں یہ فرمایا ہے کہ “اس کے جائز ہونے میں کوئی کلام نہیں۔ یہ ایک دعا ہے کہ اللہ تعالی اس جمعے کو برکتوں والا بنائیں۔ اس لیے جمعہ مبارک کہنے میں کوئی حرج نہیں بشرطیکہ اس کو سنت نہ سمجھا جائے اور نہ ہی اس کہنے کا اتنا الزام کیا جائے جیسا کہ سنتوں کا کیا جاتا ہے۔ بدعت اس وقت بنتا ہے جب کہ ایسی چیز کو جو سلف صالحین یا نبیﷺ سے ثابت نہیں اسکو آدمی سنت سمجھے یا اسکا سنتوں یا واجبات کی طرح التزام کرے لیکن فی نفسہ اگر سنت نہ سمجھے اور التزام بھی ایسا نہ کریں جیسے واجبات یا سنتوں پر کیا جاتا ہے۔ تو بغیر سنت سمجھے ہوئے جمعہ مبارک کہنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

واللہ اعلم بالصواب

اپنا تبصرہ بھیجیں