وضو غسل اور تمام دن کے سنن وفرائض

فتویٰ نمبر:768

سوال: مجھے ایک ایسی تحریر  چاہیے  جس میں وضو اور غسل کے فرائض  اور فجر  اور عشاء  تک کے  فرض اور سنتیں  درج ہوں ۔

 جواب:  وضو کے چار فرائض  ہیں ۔

1۔پیشانی کے بالوں  سے لے کر تھوڑی  کے نیچے تک   ایک کان کی لو سے  دوسرے کان  کی لو تک  ایک  بار منہ دھونا ۔

2۔کہنیوں  سمیت  دونوں  ہاتھ کا ایک  بار دھونا۔

3۔ایک بار چوتھائی سر کا مسح کرنا ۔

4۔ ایک بار دونوں پیر ٹخنوں سمیت دھونا ۔

جیسا کہ سورۃ مائدہ  میں اللہ تعالیٰ  کا ارشاد ہے  ”  یاایھاالذین  امنوا اذا قمتم  الی الصلوۃ  فاغسلوا وجوھکم  وایدیکم  الی المرافق  وامسحوا برؤسکم  وارجلکم الی الکعبین

  اے ایمان  والوں! جب تم نماز  کے لیے کھڑے ہونے کا ارادہ کرو تو دھولو اپنے چہرے  کو اور اپنے ہاتھوں  کو کہنیوں  تک اور مسح  کرو اپنے  سروں  کا اور (دھو)  اپنے پیروں  کو ٹخنوں  تک  ۔

٭ اورا حناف کے ہاں غسل کے تین فرائض ہیں ۔

1۔ایک بار کلی  کرنا۔

2۔ایک بار ناک میں پانی  ڈالنا  

3۔ایک بار تمام بدن دھونا ۔

 جیسا کہ  ھدایہ میں ہے  :

  وفرض  الغسل  المضمضۃ  وا لاستنشاق وغسل  سائر البدن ۔ ( ھدایہ   :1)

٭   اور فجر سے عشاء تک 17 رکعت فرض ہیں  اور 12  رکعت سنت موکدہ ہیں  

٭  فرائض کی تفصیل  : فجر  کی دو ظہر  کی چار عصر  کی چار مغرب  کی 3 اور  عشاء کی چار  رکعت فرض ہیں ۔

٭  سنت موکدہ  کی تفصیل  :۔ فجر  کی 2 ظہر  کی چھ ۔ چار رکعت  فرض  سے پہلے اور  دو رکعت فرض کے بعد  اور مغرب  کے بعد 2 رکعت  عشاء  کے بعد  کی دو رکعتیں سنت موکدہ ہیں ۔ عشاء  کی دو سنتوں  کے بعد تین  رکعت وتر واجب  ہے ۔ ( بہشتی زیور  :2/114)  

اپنا تبصرہ بھیجیں