بینک میں نوکری کرنا

فتویٰ نمبر:5071

سوال: السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

میری دوست کا منگیتر بینک میں نوکری کرتا ہے۔ کیا یہ ٹھیک ہے؟

و السلام

الجواب حامدا و مصليا

و علیکم السلام!

اسلامی بینک میں نوکری کرنا یا conventional (مروجہ) بینک کی اسلامی ونڈو میں نوکری کرنا جائز ہے، بشرطیکہ ان کا کام مستند علما پر مشتمل شریعہ بورڈ کی نگرانی میں ہو۔

اور اگرنوکری اسلامی بینک یا اسلامک ونڈو میں نہ ہو، بلکہ کسی مروجہ بینک میں ہو تو یہ دیکھا جائے کہ کام کی نوعیت کیا ہے:

اس سلسلے میں اصول یہ ہے کہ ہر وہ کام جو براہ راست سودی معاملات سے متعلق ہے – چاہے وہ قرض کی فراہمی ہو، انوسمینٹ ہو، یا اس سے وابستہ دستاویز کی تیاری ہو – تو ایسا کام سخت ناجائز ہے۔ اس کا جلد از جلد کوئی مناسب متبادل تلاش کرنا چاہیے اور جب تک متبادل نہ ملے خوب توبہ استغفار کرنی چاہیے۔

حدیث شریف میں آیا ہے: 

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے سود کھانے اور کھلانے والے، معاملے کو لکھنے والے اور اس پر گواہی دینے والے پر لعنت فرمائی اور مزید ارشاد فرمایا کہ وہ (گناہ میں) برابر ہیں۔ (۱)

البتہ، اگر بینک میں کوئی ایسا کام ہو جس کا سودی معاملات سے براہ راست کوئی تعلق نہ ہو، جیسے بلڈنگ کی تعمیر، مینٹیننس، چوکیدار، چپڑاسی وغیرہ، تو کام جائز سمجھا جائےگا۔

اگر ذمہ داریاں جائز و ناجائز دونوں امور پر مشتمل ہوں (جیسے بینک کی آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنا) تو کام اور اس سے حاصل ہونے والی کمائی مشتبہ ہو جاتے ہیں۔ اس صورت میں احتیاط اسی میں ہے کہ ایسی نوکری کو ناجائز قرار دیا جائے۔ اس کا بھی جلد از جلد متبادل تلاش کرنا چاہیے اور جب تک متبادل نہ ملے خوب توبہ استغفار کرنا چاہیے۔ (۲)

▪ [۱] حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الصَّبَّاحِ، وَزُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ، وَعُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ، قَالُوا حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ، أَخْبَرَنَا أَبُو الزُّبَيْرِ، عَنْ جَابِرٍ، قَالَ لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم آكِلَ الرِّبَا وَمُوكِلَهُ وَكَاتِبَهُ وَشَاهِدَيْهِ وَقَالَ هُمْ سَوَاءٌ ‏.‏ (صحیح مسلم: حدیث رقم: ۱۵۹۸)

▪ [۲] اذا اجتمع الحلال و الحرام غلب الحرام ( الاشباہ و النظائر لابن نجمیم، ۱۰۹)

فقط ۔ واللہ اعلم 

قمری تاریخ: ۲۱ صفر المظفر ۱۴۴۱

شمسی تاریخ: ۱۸ اکتوبر ۲۰۱۹

تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم

ہمارا فیس بک پیج دیکھیے. 

فیس بک:

https://m.facebook.com/suffah1/

ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں. 

ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک

https://twitter.com/SUFFAHPK

ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:

www.suffahpk.com

ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں:

https://www.youtube.com/channel/UCMq4IbrYcyjwOMAdIJu2g6A

اپنا تبصرہ بھیجیں