احرام پہننے کے بعد حج وعمرہ ادا کیے بغیر اتارنا

سوال: گھر سے  احرام پہن کر نکلے نیت اور تلبیہ بھی پڑھ لیا ائیر پورٹ  پر پتا چلا فلائٹ کینسل ہے  اب دو دن بعد دوسری فلائٹ ہے، اس صورت میں احرام اتار سکتے ہیں کوئی  گناہ تو نہیں ہوگا؟

          سائل:محمد ابوبکر

الجواب حامدا ومصلیا

واضح رہے کہ    احرام باندھنے  کے بعد  حج یا عمرہ ادا کیے بغیر یا احصار  یعنی  حج یا عمرہ سے روکے  جانے کے بغیر  احرام نہیں اتار سکتے اور فلائٹ دو دن کے لیےمؤخر  ہونے سے احصار کا تحقق نہیں ہوتا لہذا آپ دو دن حالت احرام میں ہی رہیں اور احرام کی تمام پابندیوں کا خیال رکھیں  البتہ اگر کوئی شدید عذر ہے تو اس کی وضاحت کر کے دوبارہ مسئلہ معلوم کر لیں۔

غنیة الناسک ۶۶ ادارۃ القرآن

“واذا تم احرام المکلف فحکمه اولا لزوم المضی، وعدم امکان الخروج منه ما لم یمت الا بعمل النسک الذی احرم به”

اللباب وشرحہ۱۹۹

“لا یجوز ولا یصح فسخ احرام الحج الی العمرة عند الثلاثة ای عندنا ومالک والشافعی خلافا لاحمد

زبدۃ المناسک” 338

حج یا عمرہ کا احرام باندھنے کے بعد  احرام کو فسخ کرنا اور بدلنا جائز نہیں  فسخ کا مطلب یہ ہے کہ حج کا احرام باندھنے کے بعد  حج کا ارادہ ملتوی کر دینا”

واللہ اعلم بالصوب

حنظلہ عمیر بن عمیر رشید

نور محمد ریسرچ سینٹر

دھوراجی کراچی

۷/۱۰/۱۴۴۱ھ

2020/5/31ء

اپنا تبصرہ بھیجیں