عراق اور ملک شام سے لاتعداد مذہبی اور تاریخی واقعات وابستہ ہیں: حضرت ادریس علیہ السلام نے عراق کے قدیم شہر بابل کی طرف ہجرت فرمائی۔ حضرت نوح علیہ السلام جنوبی عراق میں رہتے تھے جہاں آج کل کوفہ واقع ہے۔ ایک روایت کے مطابق شام کو حضرت نوح علیہ السلام کے بیٹے سام نے آباد کیا۔ اصل نام سام ہے بعد میں شام بن گیا۔ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی جائے پیدائش بھی عراق ہی ہے۔ حضرت اسحاق اور یعقوب اور بیشتر انبیائے بنی اسرائیل بشمول حضرت داؤد ، حضرت سلیمان، حضرت موسیٰ وعیسی علیہم السلام ان سب مقدس شخصیات کی زندگی فلسطین اور ملک شام سے وابستہ ہے۔ ہاروت ماروت کی یادیں بھی بابل یعنی عراق میں پیوست ہیں۔ اسلامی ہیروز میں سے حضرت علی ، حضرت حسن و حسین اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہم اجمعین کی زندگی کے چشم دید گواہ یہی عراق وشام کے علاقے ہیں ۔ یاد رہے متعدد آثار قیامت شام وفلسطین اور عراق سے جڑے ہیں اور محشر بھی شام کی سرزمین میں قائم ہوگا۔
(قصص القرآن، اطلس القرآن)