جس دن صدقہ کرو اس دن آپ کی کوئی دعا رد نہیں ہوتی(حضرت علی رضی اللہ عنہ کا قول)

کیا یہ قول حضرت علی کا ہے اور صحیح ہے؟

الجواب باسم ملہم الصواب

تحقیق کے باوجود کوئی ایسی روایت نہیں ملی جس میں اس بات کا ذکر ہو کہ جس دن صدقہ کرو اس دن آپ کی کوئی دعا رد نہیں ہوگی۔اور نہ ہی ایسی کوئی بات حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منسوب ہے،البتہ ایک حدیث ہے کہ جس میں ہر روز صدقہ کرنے والے کےلیے فرشتوں کی دعا کاذکر ہے اور صدقہ نہ کرنے والے کےلیے بدعا کا ذکر ہے۔

چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے :

عن أبي هريرة رضي اللّه عنه، أنّ النبي صلى الله عليه وسلّم قال: ” ما من يوم يصبح العباد فيه، إلا ملكان ينزلان، فيقول أحدهما: اللهم أعط منفقا خلفا، ويقول الآخر: اللهم أعط ممسكا تلفا “

(صحیح بخاری :194/1،ط: قدیمی کتب خانہ)

ترجمہ:

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہیں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں، ایک فرشتہ تو یہ کہتا ہے کہ اے اللہ ! خرچ کرنے والے کو اس کا بدلہ دے۔ اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ ! ممسک( روکنے والے)اور بخیل کے مال کو تلف کر دے۔

اسی طرح صبح کے وقت صدقہ کرنے سے متعلق ایک حدیث حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

2)”باكروا بالصدقة فإن البلاء لا يتخطاها”

ترجمہ: صبح سویرے صدقہ دو کہ بَلا صدقہ سے آگے قدم نہیں بڑھاتی۔

(معجم الأوسط: 6/9، ط:دارالحرمین)

لیکن یہ روایت سند کے اعتبار سے کمزور ہے۔

فقط

واللہ اعلم بالصواب

22 جنوری 2022ء

18جمادی الثانی 1443ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں