نماز جنازہ سے متعلق اہم ترین مسائل قسط 4

نماز جنازہ سے متعلق اہم ترین مسائل قسط 4

جنازہ اٹھانے کا مستحب طریقہ

جنازہ اٹھانے کا مستحب طریقہ یہ ہے کہ پہلے اس کا اگلا دایاں پایا اپنے دائیں کندھے پر رکھ کر کم سے کم دس قدم چلے، اس کے بعد پچھلا دائیں پایا اپنے دائیں کندھے پر رکھ کر کم سے کم دس قدم چلے، اس کے بعد اگلا بایاں پایا اپنے بائیں کندھے پر رکھ کر کم سے کم دس قدم چلے، پھر پچھلا بایاں پایا بائیں کندھے پر رکھ کر کم سے کم دس قدم چلے تاکہ چاروں پایوں کو ملاکر چالیس قدم ہوجائیں۔

اگر میت دودھ پیتا بچہ یا اس سے کچھ بڑا ہو تو لوگوں کو چاہیے کہ اس کو ہاتھوں میں اٹھا کر لے جائیں یعنی ایک آدمی اس کو اپنے دونوں ہاتھوں پر اٹھالے، پھر اس سے دوسرا آدمی لے لے، اسی طرح بدلتے ہوئے لے جائیں اور اگر میت کوئی بڑا آدمی ہو تو اس کو کسی چارپائی وغیرہ پر رکھ کر لے جائیں اور اس کے چاروں پایوں کو ایک ایک آدمی اٹھائے۔ میت کی چارپائی ہاتھوں سے اٹھاکر کندھوں پر رکھنا چاہیے، ہاتھوں کے سہارے کے بغیر کندھوں پر لانا مکروہ ہے۔ اسی طرح بلاعذر کسی جانور یا گاڑی وغیرہ پر رکھ کر لے جانا بھی مکروہ ہے اور اگر عذر ہو تو بلاکراہت جائز ہے، مثلاً: قبرستان بہت دور ہو۔ اورجنازے کو تیز قدم لے جانا مسنون ہے، مگررفتار اس قدر تیز نہ ہو کہ لاش کو جھٹکے لگنے لگیں۔

جنازے کے ساتھ جانے والوں سے متعلق مسائل:

جولوگ جنازے کے ہمراہ جائیں ان کے لیے جنازہ کو کندھوں سے اتارنے سے پہلے بیٹھنا مکروہ ہے، البتہ اگر بیٹھنے کی ضرورت پیش آجائے تو کوئی حرج نہیں۔ جو لوگ جنازے کے ساتھ نہ ہوں بلکہ کہیں بیٹھے ہوئے ہوں انہیں جنازے کو دیکھ کر کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔

جولوگ جنازے کے ہمراہ ہوں ان کے لیے جنازے کے پیچھے چلنا مستحب ہے اگر چہ جنازے کے آگے بھی چلناجائز ہے،البتہ اگر سب لوگ جنازے کے آگے ہوجائیں تو مکروہ ہے، اسی طرح جنازے کے آگے کسی سواری پر چلنا بھی مکروہ ہے۔

جنازے کے ہمراہ پیدل چلنا مستحب ہے اور اگر کسی سواری پر ہو تو جنازے کے پیچھے چلے۔جو لوگ جنازے کے ہمراہ ہوں ان کے لیے بلند آواز سے کوئی دعا یا ذکر پڑھنا مکروہ ہے۔ رونے والی عورتوں یا بین کرنے والیوں کا جنازے کے ساتھ جانا ممنوع ہے۔

میت کو دوسری جگہ منتقل کرنا

بہتر ہے کہ جس شہر میں موت واقع ہو، وہیں کفن و دفن کا انتظام کیا جائے،دفن سے پہلے لاش کا ایک جگہ سے دوسری جگہ میں دفن کرنے کے لیے لے جانا خلاف اولیٰ ہے جبکہ وہ دوسری جگہ ایک دو میل سے زیادہ نہ ہو، اگر اس سے زیادہ ہوتو ممنوع ہے اور دفن کے بعد لاش کھود کرلے جانا تو ہر حالت میں ناجائز ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں