کروناکی وبا کےدوران بذریعہ زوم آن لائن خطبہ سننا اورنمازپڑھنےکاحکم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

آپ سے ایک مسئلہ پوچھنا تھا وہ یہ کہ پچھلے ہفتے سے کورونا وائرس  کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے ۔ پچھلے جمعہ کو ہمارے بعض مسلمان پاکستانی دوستوں نے  یہ تجویز پیش کی  کہ نماز جمعہ زوم پہ  جو اسکائپ کی طرح کا ایک ویڈیو کالنگ سافٹ ویئر ہوتا ہے ، پڑھی جائے اس طرح سے کہ سب لوگ اپنے اپنے گھروں میں زوم پہ کانفرنس کال میں شرکت کر لیں  امام اپنے گھر سے زوم پر خطبہ پڑھے اور پھر امامت کرے اور لوگ اپنے اپنے گھروں سے زوم پر اس کی اقتداء کریں  احقر کے علم میں نہیں تھا کہ اس طرح سے نماز جمعہ ہو سکتی ہے یا نہیں اس لیے خیال ہوا کہ آپ سے پوچھ لوں  ۔والسلام۔

احقر عبداللہ

نیوزی لینڈ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب حامد او مصلیا

مقتدیوں کے لیے امام کی اقتداء درست ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ ہے کہ امام اور مقتدی دونوں مکان واحد (ایک جگہ) میں موجود ہوں اگر امام اور مقتدی الگ الگ جگہ میں ہوں گے تو اقتداء درست نہیں ہوگی اور نماز نہیں ہو گی اگرچہ مقتدیوں کو کانفرنس کال کے ذریعے امام کی آواز آرہی ہو ،لہٰذا اگر مذکورہ صورت میں امام اپنے گھر میں Zoom زوم پے نماز پڑھائیں اور مقتدی اپنے اپنے گھروں میں کانفرنس کال کے ذریعے امام کی  اقتداء کریں  تو چونکہ امام اور مقتدی الگ الگ جگہ پر ہیں اس لیے مقتدیوں کی اقتداء درست نہیں ہو گی اور نماز نہیں ہو گی  اس لیے زوم پہ کانفرنس کال کے زریعے جمعہ یا عام فرض نمازوں میں امام کی  اقتداء کرنے سے اجتناب کرنا ضروری ہے ۔

فی الدر المختار :(1550)

شروط عشرت:نیۃ المؤتم الاقتداء و اتحاد  مکانھما  وصلاتھما۔

وفی رد المختار (1550)

قولہ واتحاد  مکانھما   فلو اقتدی راجل براکب او بالعکس  او  راکب براکب دابۃاخری

لم یصح لاختلاف المکان ——————واللہ اعلم بالصواب

الجواب صحیح                                                                                            ابراہیم عیسی

مفتی جامعہ دارالعلوم کراچی               

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

6 شعبان المعظم 1441ھ                                                                             فتوی کی پی ڈی ایف فائل درج ذیل لنک سے پڑھی جاسکتی ہے :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/1058019347900643/

اپنا تبصرہ بھیجیں