الیکٹرک سگریٹ کی خرید وفروخت

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
السلام علیکم
محترم مفتی صاحب مجھے دوعددسوالات میں آپ کی شرعی رہنمائی درکارہے۔
1) Amazon ایک ایسی ویب سائٹ ہے جس پر آپ اپنا سامان بآسانی بیچ سکتے ہیں ۔ سامان بک جانےکی صور ت میں Amazon اس پر 15 فیصد یااس سے کم اور زیادہ منافع حاصل کرتاہے سامان بک جانے پر کتنا فیصد نفع Amazon کوجائے گا یہ پہلے ہی طے کرلیاجاتاہے۔
جیساکہ ہم جانتےہیں کہ کسی بھی چیز کوفروخت کرنےکےلیے شرط ہے کہ وہ چیز آپ کی ملکیت میں ہو۔ Amazon پر لوگ کوئی چیزخریدناچاہتے ہیں اور وہ چیز فروخت کرنے والے کی ملکیت میں نہیں ہے۔ ( مثال کے طور پرہم شہد لےلیتے ہیں) ۔ کوئی شہد خریدنا چاہتاہے لیکن شہد فروخت کنندہ کی ملکیت میں نہیں ہے۔ فروخت کنندہ کومعلوم ہے کہ شہد زید کی دکان پرموجود ہے ، فروخت کنندہ نے شہد بیچنے کےلیےاشتہار دے دیا۔ لیکن ابھی تک شہد فروخت کنندہ کی ملکیت میں نہیں ہے ۔کسی خریدار کی طرف سے آرڈرآتا ہےتوفروخت کنندہ زید کی دکان سے شہد خریدتاہے اور Amazon پر شہد طلب کرنے والے کوبیچ دیتاہے ۔
سوال یہ ہے کہ کیاخرید فروخت کی یہ صورت جائز ہے ؟
2) الیکٹرک سگریٹ (E-cigarette) یورپی ممالک میں استعمال کی جاتی ہے جس میں مختلف فلیور ( ذائقے ) آتے ہیں کچھ میں نیکوٹین موجود ہوتاہے اور کچھ بغیر نیکوٹین والے۔
سوال یہ ہے کہ کیاالیکٹرک سگریٹ (E-cigarette) کی خرید فروخت جائز ہے ؟
الجواب حامداومصلیا
1) مذکورہ ویب سائٹ پر خرید فروخت کی اگر واقعۃً یہ صورت ہوکہ بیع کے وقت مطلوبہ شئی فروخت کنندہ کی ملکیت میں نہیں ہوتی بلکہ بیع مکمل ہونے کے بعد فروخت کنندہ شئی مارکیٹ سے حاصل کرتا ہے تویہ بیع شرعاً درست نہیں ، بیع کی جائز صورت یہ ہوسکتی ہے کہ مشتری بائع کوآرڈر دے دے یاصرف وعدہ بیع کرلیاجائے اور پھر بائع اس چیز کو اپنی ملکیت اور عملی قبضے میں لانےکےبعد مشتری سے باقاعدہ بیع کا معاملہ کرے توہ جائز ہے۔
الفاتوی الھندیه (3/3)
الھدایة فی شرح بدایة المبتدی (3/59)
2) الیکٹرک سگریٹ کی خرید فرخت جائزہے بشرطیکہ وہ نشہ آو ر اور مضرصحت نہ ہو۔
الدر المختار (4/454)
الجواب صحیح
احقر محمود اشرف عفی اللہ عنہ
مفتی جامعہ دارالعلوم کراچی
28 /جمادی الاولیٰ /1438
26/فروری/2017
الجواب صحیح
عصمت اللہ عصمہ اللہ
عبدالحفیظ حفظہ اللہ
محمد حسن تھائی لینڈی
دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

28 /جمادی الاولیٰ /1438ء

:پی ڈی ایف فائل میں فتوٰیٰ حاصل کرنےکےلیے لنک پرکلک کریں

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/964100740625838/

اپنا تبصرہ بھیجیں