فیملی پلاننگ کا حکم

السلام علیکم!
فیملی پلاننگ اور کنسیو ہونے سے بچنے کے زرائع استعمال کرنا شرعاً کیسا ہے؟
برائے کرم تفصیل سے جواب عنایت فرما دیں.

 جواب :
بچے کی ولادت میں گیپ کرنے کا ارادہ اگر اس وجہ سے ہے کہ زیادہ بچے پیدا ہوگئے تو ان کے معاش کا نظم کیسے ہوگا اس کے لیے گیپ رکھنے کی اجازت نہیں اور نہ اس مقصد سے ٹیبلیٹ یا انجکشن کا استعمال درست ہے ہاں اگر بچے کی ماں کی صحت کمزور ہو اور مسلم ماہر ڈاکٹر تجویز کردے کہ ولادت کی صورت میں جان کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تو اس شرعی عذر کی وجہ سے مناسب فاصلہ رکھنے کی اجازت ہوگی اور اس صورت میں عارضی مانع حمل دوا انجکشن وغیرہ کے استعمال کی گنجائش ہوگی۔
چونکہ کم اولاد ہونے کا جذبہ بہت قدیم اور پرانا ہے اس لئے ہمیں اسلام کے ابتدائی عہد میں بھی اس کی نظیر ملتی ہے اہل علم کے نزدیک اسلام سے پہلے لوگ اس کے لیے عزل کا طریقہ اختیار کرتے تھے عزل یہ ہے کہ ہمبستری کے دوران جب انزال کا وقت آئے تومرد اپنا عضو مخصوص باہر نکال لے احادیث میں بھی اس کا ذکر ملتا ہے کنڈوم اور لوپ کا استعمال مکروہ ہے بالخصوص اس وقت جب یہ محض معاشی پریشانی کے احساس پرمبنی ہوالبتہ کسی عذر کی بناء پر ہو تو اجازت ہے، مثلاً حمل ٹھہرجانے کی وجہ سے شیرخوار بچہ کے دودھ سے محروم ہوجانے کا اندیشہ ہو یاحمل ٹھہرجانے میں عورت کے صحت کومعمول سے زیادہ خطرہ لاحق ہو البتہ ان اعذار کے باعث بھی جب نرودھ کا استعمال کرے توبیوی سے اجازت لے لینی چاہیے کہ عزل میں بھی یہی حکم ہے اس لیے کہ عورت کی جنسی تسکین پراس کا اثر پڑتا ہے۔
(جدیدفقہی مسائل:۱/۲۹۵)

مانعِ حمل دوائیں :

ضبطِ تولید کی ایک صورت یہ ہے کہ مادۂ منویہ توعورت کے رحم میں پہنچ جائے مگرایسی دواؤں کا استعمال کیا جائے کہ استقرارِ حمل نہ ہوسکے فقہی نظائر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ صورت بھی عام حالات میں ناجائز ہے اگرچہ یہ صحیح ہے کہ ابھی مادہ روح اور زندگی سے خالی ہے، اس لیے اس کوبرباد کردینا، اصطلاحی قتل کے زمرہ میں نہیں آئے گا؛ لیکن اگراس کواپنی حالت پرچھوڑ دیا جاتا توکچھ مدت گزرنے پروہی ایک زندہ نفس کی شکل اختیار کرلیتا اس لیے مآل کوملحوظ رکھتے ہوئے اس کوقتلِ نفس کے مترادف سمجھا جائےگااس لیے بلاکسی عذر کے محض اولاد سے بچنے کے لیے ایسے ذرائع کا استعمال جائز نہیں ہے۔
(جدیدفقہی مسائل:۱/۲۹۷)

اسقاطِ حمل :

عورت کوحمل قرار پانے کے بعد روح اور آثارِ زندگی کے پیدا ہونے سے پہلے پہلے (جس کی مدت چار ماہ بتائی جاتی ہے) اس کوساقط کردینا ناجائز ہے  لیکن اس میں رُوح اور آثارِ زندگی کے پیدا ہوجانے کے بعد بالاتفاق ناجائز وحرام ہے اور وَلاَتَقْتُلُواْ أَوْلاَدَكُم (الانعام:۱۵۱) ترجمہ:اپنی اولاد کوقتل مت کرو وَإِذَاالْمَوْؤُودَةُ سُئِلَتْo بِأَيِّ ذَنبٍ قُتِلَتْ (التکویر:۸،۹) ترجمہ: قیامت کے دن زندہ دفن کردی جانے والی معصوم بچیوں سے سوال کیا جائے گا کہ آخر تمھیں کس جرم میں قتل کردیا گیا کے تحت داخل ہے۔
(ملخص جدید فقہی مسائل:۱/۲۹۸)

فطری ضبطِ تولید :

حیضMenaces کے بعد طبی تحقیق کے مطابق کچھ ایام ایسے ہوتے ہیں جن میں عورتوں کوحمل نہیں ٹھہرتا اگرکوئی غیرارادی سے صرف انہی ایام میں صحبت کرے اور جن ایام میں استقرارِ حمل کا امکان ہو ان میں جنسی تعلقات سے احترازکرے توکوئی مضائقہ نہیں لیکن اگرکوئی معاش کا بے جاخوف یاکوئی دوسرا غیرشرعی جذبہ کارفرما ہوتوظاہر ہے کہ اس صورت کا اختیار کرنا بھی ایک غیرشرعی طریقہ ہوگا۔
(جدید فقہی مسائل:۱/۳۰۲)

نسبندی :

ضبط ولادت کی ایک صورت نسبندی بھی ہے یعنی ایسا آپریشن جس سے دائمی طور پرقوتِ تولید ختم ہوجائے اور توالدوتناسل کی اہلیت باقی نہ رہے البتہ اس میں اشتہاء وقوتِ جماع باقی رہتی ہے اس طرح کی ایک صورت اختصاء کی ہے جس میں آدمی کے فوطوں کی وہ گولیاں نکال ڈالی جائیں جوجنسی صلاحیت اور خاص کرقوتِ تولید کا اصل سرچشمہ ہیں نیز اس میں نہ شہوت رہتی ہے اور نہ جماع پرقدرت خود آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم سے بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے اجازت چاہی تاکہ دُنیا سے کنارہ کش ہوکر زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرسکیں لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سختی سے منع فرمایا الغرض یہ دونوں نسبندی اور اختصاء جومرد وعورت کی قوتِ تولید کودائمی طور پرختم کردینے کا ذریعہ ہے قرآن وحدیث کی رُو سے ایک غیراسلامی طریقۂ کار ہے اور اس کے ناجائز وحرام ہونے میں سبھوں کا اتفاق ہے۔
(ملخص جدید فقہی مسائل:۱/۳۰۱)

ایسا آپریشن کہ جس سے جماع پرقدرت نہ رہے کروانا کیسا ہے؟
ایسا آٖپریشن کرعالینا جس سے وطی پرقدرت نہ رہے یااولاد پیدا ہونے کی صلاحیت ہی ختم ہوجائے ہرگز جائز نہیں بلکہ سخت گناہ ہے۔
(فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۰۰)

فیملی پلاننگ کروانا کیسا ہے؟

کوئی ایسی دوایاتدبیر اختیار کرنا کہ ہمیشہ کے لیے ولادت کی صلاحیت ختم ہوجائے یاحمل قرار نہ پائے کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کثرت آبادی کے خوف سے پیدائش کومحدود کرنا نظامِ خداوندی میں دخل اندازی ہے۔
(فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۰۷)

کمزوری کی وجہ سے مانع حمل دوا کا استعمال کرنا کیسا ہے؟

کمزوری کی وجہ سے اگرحمل کا تحمل نہ ہوتوبطورِ علاج ایسی تدبیر اختیار کرنا کہ قوت آنے تک استقرارِ حمل نہ ہودرست ہے شوہر کوبھی ہمبستری سے احتیاط چاہیے خواہش کا غلبہ کوتوروزے رکھے لیکن آپریشن وغیرہ کے ذریعہ تولید کی صلاحیت کوختم کردینا جائز نہیں، سخت معصیت ہے۔
(فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۱۸)

فرنچ لیدر اور کنڈوم کا استعمال کرنا کیسا ہے؟
اگرعورت صحت ولادت کا تحمل نہ کرسکے توعارضی طور پراس کی گنجائش ہے۔
(فتاویٰ محمودیہ:۱۸/۳۱۹

 
 
 

اپنا تبصرہ بھیجیں