گیس پریشر کے لیے کمپریسر لگانے کاحکم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

السلام وعلیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ

جناب حضرت والا میں اللہ تعالی کے فضل وکرم اور آپ حضرت والا کی دعاؤں سے خیریت سے ہوں ۔

کچھ سوالات کے سلسلے میں  آنجناب سے رہنمائی درکار تھی ۔جواب مرحمت فرماکر ماجور ہوں۔

1)جناب والاآج کل یہ عا م طریقہ بن گیا ہے کہ اگر کسی خاندان کا کوئی فرد وفات پاجائے تو  پورے شہر میں ہر محلہ کی مسجد میں اس کا اعلان کرواتے ہیں کہ فلاں آدمی وفات پا گیاہے اس کا جنازہ فلاں جگہ پر فلاں وقت پڑھا جائے گا ۔ حضرت والا کیا یہ درست ہے کہ ہر مسجد میں اعلان کروایا جائےیا پھر اپنے محلے کی مسجد تک ہی درست ہے ؟

2)ہمارے شہر میں سوئی گیس کبھی آتی ہے اور  پھرکبھی نہیں آتی۔تو اسپر عام لوگوں نے سوئی گیس کی پائپ لائن پر کمپریسرلگوا لیے ہیں جو کہ لائن سے گیس کھینچ لیتا ہے کیا یہ درست ہے ۔ پھر جس نے یہ نہیں لگوایا تو اس کے گھر میں گیس بالکل بند ہو جاتی ہے ؟

3)ایسے ہی لوگوں نے پانی کی لائن پر بھی موٹر لگا رکھی ہے کیا یہ درست ہے ؟

فقط والسلام

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب حامدا ومصلیا

1)شہر کی ہر مسجد میں اعلان کروانے کی ضرورت نہیں ،جہاں جہاں میت کے متعلقین یا جاننے والےافراد موجود ہوں  جن کو اطلاع کرنے سے نمازجنازہ میں ان کی شرکت کی امیدہو وہاں کی مساجد میں میت کی نماز جنازہ کا اعلان کرنے میں حرج نہیں ۔

2)سوئی گیس کی پائپ لائن پر ایسا آلہ لگوانا کہ جس سے دوسرےلوگوں کی حق تلفی ہو ،جائز نہیں۔اس سے دوسرے لوگوں کی حق تلفی کا گناہ ہو گا ،نیز اگر یہ خلاف قانون بھی  ہوتو اس کی خلاف ورزی کا بھی  گناہ ہو گا ۔البتہ اگر کسی علاقے  میں ایسی صورتحال ہوکہ متعدد لوگوں نے ایسے آلات لگوائے ہوئے ہوں اور اس کی وجہ سے کسی فرد کا جتنا حق بنتا تھا اتنی مقدار میں بھی  اس کو گیس نہ مل رہی ہو تو اپنے حق کے بقدر گیس حاصل کرنے کی حد تک آلہ لگوانے اور اپنے حق کی حد تک گیس حاصل کرنے کی فی نفسہ گنجائش ہو گی ۔

3)اس صورت کے شرعی حکم میں بھی وہی تفصیل ہے جو اوپر جواب نمبر 2 میں گزری۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

اپنا تبصرہ بھیجیں