دنیا کے دیگر مذاہب میں آپ کو صفائی کا تصور تو شاید مل جائے گا، لیکن طہارت و پاکی کا تصور دینا صرف اسلام کی امتیازی شان ہے۔ دین اسلام میں پاکی کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ اسے ایمان کا لازمی جزو قرار دیا گیا ہے، وجہ اس کی یہ ہے کہ بہت سارے اعمال ایسے ہیں جن کی صحت کا مدار ہی پاکی پر ہے۔ پھر طہارت کے بعض مسائل تو ایسے ہیں جو مردوں اور عورتوں کے درمیان مشترک ہیں اور بعض صرف خواتین کے ساتھ مخصوص ہیں ، انہی میں سے حیض،نفاس اور استحاضہ کے مسائل ہیں ۔ ہرخاتون کا ہی کم وبیش ان مسائل سے واسطہ پڑتا ہے، نیز شریعت کی بہت سی عبادات مثلاﹰ نماز، روزہ، اعتکاف،حج، عمرے کی ادائیگی کے دوران ان مسائل سے واسطہ پڑتا ہے اور ان سے لاعلمی ان عبادات کے ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیےاس بات کی اشدضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ ان مسائل اور ان کی اہمیت کا خواتین کے اندر شعور پیدا کیا جائے ۔
ہمارے استاذ محترم مفتی انس عبد الرحیم صاحب حفظہ اللہ کی تالیف؛ “مستورات ڈائری” ، اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس ڈائری کی منجملہ خصوصیات میں سے ایک اس کا عام فہم انداز ہے، جس کی وجہ سے حیض و نفاس کے مسائل کو باآسانی سمجھا جاسکتاہے، نیز نقشوں کی مدد سے مشکل مسائل کو سہل انداز میں سمجھایا گیا ہے۔
ڈائری کی دوسری اہم خصوصیت عادت یاد رکھنے کے لیےڈائری میں دو سال کا کیلنڈر منسلک ہونا بھی ہے۔ جب سے موبائل فون عام ہوئے، گھروں میں کیلنڈر رکھنے کا رواج تقریبا ختم ہی ہوگیا ہے اور عادت کو یاد رکھنے کے لیے ڈائری بنا کر اس میں ریکارڈ رکھنے کو کہا جائے توکثرت مشاغل کے سبب یہ کام بھی باوجود ارادے کے ٹلتا رہتا ہے۔ ’’مستورات ڈائری‘‘ اپنے پاس رکھ لی جائے تواس کےاندر موجود کیلنڈر کے ذریعے اپنی عادت کا اندراج بہت آسان ہوجائے گا اور ریکارڈ بھی محفوظ رہے گا جو بوقت ضرورت کام آسکے گا۔
ان مسائل میں عادت کو یاد رکھنے کی اہمیت بہت زیادہ ہے ، خاص طور پر استحاضہ کا مسئلہ پیش آنے پر گزشتہ عادت کا ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے مسئلے کا حل بہت ہی مشکل ہوجاتاہے،کیلنڈر کی مدد سے عادت یاد رکھنے کا درست طریقہ سمجھایا گیا ہے، نیز پیچیدہ مسئلہ ہونے کی صورت میں سوال کس طرح کیا جائے اس کے لیے ڈائری میں ایک فارم شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق معلومات فراہم کی جائیں تو پیچیدہ سے پیچیدہ مسئلہ لمحوں میں حل کیا جاسکتا ہے۔
ہمارے معاشرے میں حیا کے رائج غلط تصور کی وجہ سے ان مسائل کے سیکھنے سکھانے میں بہت غفلت پائی جاتی ہے،ایسے حالات میں ان مسائل کا سیکھنا گویا کہ ایک مٹے ہوئے فریضے کو زندہ کرنا ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرمایا کرتی تھیں:
’’انصار کی عورتیں بہت اچھی عورتیں ہیں ،شرم ان کو اس بات سے نہیں روکتی کہ دینی سمجھ حاصل کریں‘‘
ہماری خواتین کو بھی چاہئے کہ ان مسائل کا بنیادی علم حاصل کریں،اور اگر کبھی مسئلہ پوچھنے کی ضرورت پیش آئے تو اس کو خلاف حیا نہ سمجھیں،جیسا کہ انصاری صحابیات رضی اللہ عنہن ان مسائل کو بلا جھجک دریافت فرمالیا کرتی تھیں،حالانکہ وہ شرم و حیا کا پیکر تھیں۔
اللہ تعالی ہمیں دین کا علم حاصل کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس سلسلے میں ہمارے بڑوں کی کاوشوں سے کما حقہ استفادہ حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔(آمین)
الحمدللہ! مستورات ڈائری کا تیسرا ایڈیشن چھپ کر مارکیٹ میں آچکا ہے۔
مستورات ڈائری کے فائدے:
1. شرعی عذر کے مسائل جامع اور نہایت آسان الفاظ میں سمجھائے گئے ہیں ۔
2. اس میں ایک سال کا کیلنڈر بھی دیا گیا ہے، اس کیلنڈر کی ترتیب ایسی ہے کہ خواتین اپنے شرعی عذر اور پاکی کے ایام سہولت کے ساتھ محفوظ کرسکتی ہیں۔
3. اس ڈائری کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ خواتین اپنے بہت سے نماز ، روزوں کو ضائع ہونے سے بچاسکتی ہیں۔
تیسرے ایڈیشن کی خصوصیات:
1. کچھ جگہ ترمیم ہوئی ہے۔
2. کیلنڈر کا استعمال مزید آسان کردیا گیا ہے۔
3. سن اور دنوں کے نام ہٹادیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی سال کام آسکے۔
4. دوسرے ایڈیشن کی طرح اس بار بھی 4 کلر میں چھپی ہے۔ البتہ آرٹ پیپر اور عام کاغذ کا فرق رکھا گیا ہے۔ آرٹ پیپر کی قیمت 65 روپے ہے جبکہ عام سادہ پیپر کی 55 روپے۔
5. اس بار کراچی میں ہوم ڈیلیوری کا اور بیرون کراچی ڈاک کے ذریعے ترسیل کا نظم بنایا گیا۔ ہوم ڈیلیوری کے چارجز 200 روپے ہیں۔ قریبی علاقوں میں چارجز کم بھی ہوسکتے ہیں۔
رابطہ : 03152145846
برائے مستورات: 03450203975