مسافت سفر کی ابتداء کہاں سے ہوگی؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

محترم جناب مفتی صاحب

السلام علیکم

گذارش خدمت ہے کہ میں اکثر سال کے مختلف ایام میں بذریعہ ٹرین کراچی کینٹ سٹیشن سے سندھ اور پنجاب کے شہروں کی طرف مختلف مقررہ اوقات کی ٹرین میں دعوت و تبلیغ کے سلسلے میں جماعتوں کے ساتھ جاتا رہتا ہوں۔ اس سلسلے میں سفر کے شرعی احکامات مطلوب ہیں۔

(الف) میں اورنگی ٹاؤن کے بالکل آخری حصہ گلشن بہادر اورنگی ٹاؤن میں رہتا ہوں۔ جہاں سے کراچی کینٹ سٹیشن کا فاصلہ تقریبا 25 کلو میٹر ہے۔ اسی طرح بعض احباب سعید آباد، بلدیہ ٹاؤن سے آتے ہیں اور بعض اسٹیل ٹاؤن سے آتے ہیں، ان سب مقامات کے فاصلے کراچی کینٹ سٹیشن سے ٢٠ یا ٢٥ کلومیٹر ہے۔ سوال یہ ہے کہ ٹرین کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد ہی 

(1) کیا ہم مسافر ہوجاتے ہیں ؟

(2) کیا ہم اپنے گھر سے ٨٨ کلو میٹر کا فاصلہ طے ہونے کے بعد مسافر ہوتے ہیں ؟

(3) کیا ٹرین یا بس کے روانہ ہوتے ہی ہم مسافر ہوجائیں گے ؟

(4) ازراہ کرم کراچی شہر کے حدود اربع جو حکومت وقت نے طے کیا ہے، اس کا شرعی جائزہ لے کر (الف) دھابے جی (ب) نوری آباد، حیدرآباد، سپر ہائی وے (ج) گھارہ (نیشنل ہائی وے) وغیرہ جیسے شہروں تک سہ روزہ کی جماعت جانے اور وہاں 3 دن مساجد میں اعتکاف کی نیت سے رہنے والوں کے لیے کیا حکم ہے۔

الجواب حامداومصلیا

(1.2.3.) مسافت سفر کی ابتداء اس جگہ سے ہوگی، جہاں سے آپ نے سفر کی ابتدا کی ہے۔ یعنی اگر کینٹ سٹیشن سے جہاں سے آ پ نے سفر کی ابتدا کی دوسرے شہر کے اس مقام تک جہاں تک جانا ہے۔ کل مسافت ٤٨ میل اور کلومیٹر کے حساب سےسوا ٧٧ کلومیٹر یا اس سے زائد ہے تو یہ سفر شرعی کہلائے گا۔ البتہ سفر کے احکام نمازوں میں قصر وغیرہ شہر کی حدود یعنی آبادی کے مکانات سے نکلنے کے بعد شروع ہوں گے۔ لہذا صورت مسؤلہ میں اس جگہ سے جہاں سے آپ نے سفر کی ابتدا کی اور دوسرے شھروں کے اس مقام تک جہاں آپ کو جانا ہے، مذکورہ بالا مسافت ہے تو آپ کراچی شہر کے مکانات سے نکلنے کے بعد قصر نماز پڑھیں گے۔

(٤) صورت مسؤلہ میں اگر اس جگہ سے جہاں سے آپ نے سفر کی ابتداء کی ہے مذکورہ دوسرے شہروں ؛ دھابے جی، نوری آباد، گھارو کے اس مقام تک جہاں تک جماعت کو جانا ہے، کل مسافت ٤٨ میل (سوا 77 کلومیٹر) یا اس سے زیادہ ہے تو کراچی شہر کی حدود سے نکلنے کے بعد آپ نمازیں قصر پڑھیں گے۔

(٥) اوپر 4نمبر کی تفصیل کے مطابق اگر اس جگہ سے جہاں سے آپ نے سفر کی ابتداء کی ہے حب چوکی سے آگے کی بستیوں تک کل مسافت ٤٨ میل یعنی سوا ٧٧ کلومیٹر یا اس سے زائد ہے، تو کراچی شہر کی حدود یعنی آبادی سے نکلنے کے بعد آپ قصر نماز ادا کریں گے۔

واللہ اعلم

مفتی تقی عثمانی

٦۔٧۔١٤٣٠ھ

عربی حوالہ جات وپی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیے لنک پر کلک کریں : 

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/960382500997662/

اپنا تبصرہ بھیجیں