فتویٰ نمبر:535
سوال : مفتی صاحب ! ایک ٹماٹر کیچپ کا ڈبہ بھیج رہا ہوں، اس کے نیوٹریشنل فیکٹس کے خانہ میں (FAT) کی مقدار بھی لکھی ہوئی ہے ۔ برائے کرم اس کا شرعی حکم بتادیں ۔
مرسلہ ٹماٹر کیچپ میں اس پر لکھی گئی تحریر کے مطابق صرف ٹماٹر اور نمک استعمال ہوئے ہیں اور اس کے علاوہ کسی حرام یا حلال جزو ترکیبی کی صراحت نہیں کی گئی ہے۔ اور مسلمان صانع کی بنائی ہوئی ایسی اشیا پر بلا دلیل شک وشہبہ کرنا درست نہیں ہوتا۔ اس لیے مصنوع کا صانع بھی اگر مسلمان ہے اور یہ مسلمان ملک میں تیار شدہ ہے تو اس کو بلا جھجک استعمال کیاجاسکتا ہے ۔
باقی نیوٹریشنل فیکٹس (Nutritional Facts ) میں لکھے گئے (FAT) کے لفظ سے مراد وہ چربی مراد نہیں ہوتی جو حیوانات میں ہی پائی جاتی ہے بلکہ یہ ایک حیاتیاتی مرکب ہے جو پودوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ اس لیے اس کی وجہ سے کسی مصنوع کو مشکوک نہ سمجھاجائے ۔