قسطنطنیہ پر حملے میں شرکت کی بناء پر یزید کے جنتی ہونے کا عقیدہ رکھنا

مولانا صاحب تقریر فرما رہے تھے تو اس میں انھوں نے کہا کہ آپ صلی الله عليه وسلم نے فرمایا جس کا مفہوم یہ ہے کہ : جس نے قسطنطنیہ کی جنگ لڑی وہ لشکر جنتی ہوگا اور انہوں نے کہا کہ اس لشکر میں یزید بھی تھا ۔کیا یہ صحیح ہے؟ کیا پھر یزید جنتی ہوا؟ 

سائل احمد 

الجواب باسم ملھم الصواب 

قسطنطنیہ پر پہلی بار حملہ یزید بن معاویہ کی سرکردگی میں ہوا ،اس سے بعض علماء نے یزید کی فضیلت اخذ کی ہے، لیکن حافظ ابن حجر ،علامہ بدر الدین عینی رحمہ اللہ اور دوسرے علمائے محققین نے اس کی تردید کرتے ہوئے یہ لکھا ہے کہ: حدیث مذکور میں ایک عام حکم دیا گیا کسی فرد کی تخصیص نہیں ، لہذا یہ ہو سکتا ہے کہ کوئی شخص دوسرے اسباب کی بناء پر اس عام حکم سے خارج ہو، (فتح الباری ج:ص:78)گویا یہ ایسا ہی ہے جیسے حدیث شریف میں فرمایا گیا ہے :”من قال لا اله الا الله دخل الجنة ” جو شخص لاالہ الا اللہ کہے جنت میں داخل ہوگا-ظاہر ہے کہ یہ ایک عام حکم ہے اور لا الہ الااللہ کہنے کا تقاضا تو یہی ہے کہ وہ جنت میں داخل ہو، لیکن اگردوسرے گناہوں کا ارتکاب کرے یا بعد مرتد ہوجائے ،تو وہ اس عام حکم سے خارج ہو جائے گا ،چناچہ اہل سنت والجماعت کا مسلک اسکے بارے میں یہی ہے کہ وہ مسلمان تھا ،اس لیے محقق علماء نے اس پر لعنت کو جائز قرار نہیں دیا اور نہ یہ کہنا درست ہے کہ قیامت میں اس کی بخشش نہیں ہو گی ، اس کے بارے میں اہل سنت کے مسلک کی بہترین ترجمانی علامہ ابن تیمیہ نے ان الفاظ میں کی: 

الناس فی یزید طرفان ووسط، قوم یعتقدون انہ من الصحابۃ او من الخلفاء الراشدین المھدیین او من الانبیاء وھذا کلہ باطل، وقوم یعتقدون انہ کافر منافق فی الباطن…. وکلا القولین باطل یعلم بطلانہ کل عاقل ،فان الرجل ملک من ملوک المسلمین وخلیفۃ من الخلفاء الملوک لا ھذا ولا ھذا ۔( منھاج السنۃ علامۃ ابن تیمیہ 2/321)

اس سے صاف ظاھر ہے کہ یزید کو خلفاء راشدین مھدیین میں سے سمجھنا بھی غلط ہے اور اسے کافر ومنافق سمجھنا بھی صحیح نہیں، تو اہل حق کا مسلک اس میں افراط تفریط کے درمیان ہے اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے وہ چاہے تو مغفرت کردے اور چاھے تو عذاب دے، ہمارے پاس کوئی ایسی دلیل موجود نہیں جس کے بناء پر ہم دنیا میں اسکے مغفور لہ یا معذب ہونے کا فیصلہ کر سکیں۔

واللہ اعلم بالصواب 

زوجۃ ارشد 

14 مارچ 2017 

17 جمادی الثانی 1438 

صفہ آن لائن کورسز

اپنا تبصرہ بھیجیں