فتویٰ نمبر:534
سوال : میرے پاس سود کی کچھ رقم ہے ۔ میں اس کو خرچ کرنا چاہتا ہوں بغیر ثواب کی نیت کے ۔ کسی غریب کی شادی پر بغیر ثواب کی نیت کے خرچ کرسکتا ہوں ؟ نیز برائے مہربانی سود کے بارے میں تفصیل سے لکھیے یا کسی کتاب کا حوالہ دیدیں تاکہ میں خود بھی مطالعہ کروں گا ، اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین
جواب : آپ سود کی رقم بغیر ثواب کے کسی مستحق زکوۃ شخص کو مالک بنا کر دے سکتے ہیں نیز کسی غریب ( مستحق ثواب ) کی شادی پر خرچ کر نے کے لیے جہیز کا فرنیچر یا کوئی دوسری چیز خرید کر مالک بنا کر دینا بھی جائز ہے ۔ جہاں تک سود کا تعلق ہے تو سود کے متعلق قرآن مجید و حدیث میں سخت وعید یں آئی ہیں اور سودی معاملہ کرنے والے شخص کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔یہاں تک کہ قرآن مقدس میں ایسے شخص کے بارے میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف سے اعلان جنگ کیاگیا ہے ۔ لہذا شرعی نقطہ نظر سے سود لینا، دینا ، سودی معاہدہ کرنا، سودی معاہدے کو لکھنا اور اس معاہدے پر گواہ بننا سب ناجائز اور حرام ہیں ۔ اس کے علاوہ سود کے متعلق مزید تفصیلات کے لیے حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتھم کی مشہور کتاب ” سود پر تاریخی فیصلہ ” اور حضرت مفتی شفیع احمد عثمانی صاحب رحمہ اللہ کی کتاب ” ” مسئلہ سود ” ملاحظہ ہو۔