سورہ یونس

اعدادوشمار:
سورہ یونس مصحف کی ترتیب کے لحاظ سے دسویں اور نزول کی ترتیب کے لحاظ سے 51 ویں سورت ہے۔یہ سورت 11 رکوع 109 آیات ،1841 کلمات اور7425 حروف پرمشتمل ہے ۔
زمانہ نزول:
یہ سورت مکہ مکرمہ کے آخری دور میں تقریبا سن 11 نبوت میں نازل ہوئی۔ بعض مفسرین نے اس کی تین آیتوں(آیت نمبر۴۰ اور ۹۴ اور ۹۵)کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ مدینہ منورہ میں نازل ہوئی تھیں،لیکن اس کا کوئی یقینی ثبوت موجود نہیں ہے۔
وجہ تسمیہ:
اس سورت میں واقعات تو متعدد بیان ہوئے ہیں لیکن ان میں سے حضرت یونس علیہ السلام کے واقعے سے منسلک ایک خصوصیت کی وجہ سے اس کانام یونس رکھاگیا ہے۔وہ خصوصیت یہ ہے کہ تباہ ہونے والی قوموں میں سے جب بھی کسی قوم پر عذاب کے آثارنمودار ہوئے تب بھی وہ ایمان نہ لائے ، عذاب آچکنے کے بعد ایمان لائے لیکن اس وقت ایمان لانا معتبر نہیں،سوائے قوم یونس کے کہ جب ان پر عذاب کے آثار نمودار ہوئے تو انھوں نےتوبہ کرلی اور اپنی گریہ وزاری کی وجہ سے اللہ کو راضی کرلیا ،چنانچہ عذاب کے آثارجو نمودار ہونے لگے تھے وہ ختم ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں