حج اسباق
چھٹاسبق
عمرے کامختصرطریقہ
حقیقت تو یہ ہے کہ حج کی ترتیبات اسی وقت زیادہ ذہن نشین ہوسکتی ہیں جب اللہ تعالی اپنا مہمان بنالے اور ہمیں اپنے گھر کی زیارت عطاکرے،لیکن پھربھی ہمیں سیکھتے رہنے کا حکم ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ کوئی ایسی ترکیب سوچیں جس سے حج کی ترتیب جلداوربہترطریقےسےدلوں میں اتر جائے۔بعض احباب نے خیال ظاہر کیاکہ ترتیب اس لیے بھول جاتی ہے کہ ارکان ومناسک بیان کرتے ہوئے ان کے ذیلی مسائل وجزئیات بھی تفصیل سے بیان کردی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سرا ہاتھ سے نکل جاتاہے،ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے خیال آیاہے کہ پہلے مختصر ا حج کے ارکان وافعال کا خاکہ بیان کردیاجائے، اس کے بعد جزئیات بیان کی جائیں۔واللہ المستعان
عمرے کا خاکہ ایک نظرمیں:
عمرے کا کوئی خاص وقت مقرر نہیں،سال بھر میں حج کے پانچ دنوں کے علاوہ جب چاہیں عمرہ ہوسکتاہے۔عمرے کے اندردو فرض، دو واجب اور آٹھ پابندیاں ہیں ۔
طریقہ یہ ہے:
1۔ احرام کی چادریں پہن کر عمرے کی نیت سے تلبیہ پڑھیں۔یہ فرض ہے۔(جہاز اڑتے وقت نیت کرلینابہتر رہتاہے۔)
2۔احرام باندھ کر جیسے ہی نیت کی اور تلبیہ پڑھا تو آپ پر یہ پابندیاں عائد ہوگئیں:
آپ خوشبواستعمال نہیں کرسکتے۔ بال نہیں کاٹ سکتے۔ناخن نہیں کاٹ سکتے۔مردحضرات سلاہوا لباس نہیں پہن سکتے۔مردحضرات ایسی چپل نہیں پہن سکتے جس سے پیر کے بیچ کی ابھری ہوئی ہڈی چھپ جائے۔ مرد چہرہ اور سرجبکہ خواتین چہرہ نہیں ڈھانپ سکتیں۔جنسی بات یاکوئی بھی جنسی فعل نہیں کرسکتے۔واجبات میں سے کسی واجب کو نہیں چھوڑسکتے۔خشکی کےجانور کوشکار نہیں کرسکتے۔ان پابندیوں کی خلاف ورزی سے جرمانہ واجب ہوتاہے۔بڑے جرم پر بڑا جرمانہ، چھوٹے پر چھوٹا جرمانہ لگتا ہے۔
3۔میقات سے پہلے احرام کی نیت کرلیں۔یہ واجب ہے۔میقات سے احرام کے بغیر گزرگئے تو دم واجب ہوگا۔
4۔مکہ مکرمہ پہنچ کر کعبےکاطواف کریں۔طواف فرض ہے ۔طواف کے بعد دورکعت واجب الطواف پڑھیں!
5۔اس کے بعد صفامروہ کے سات چکر لگائیں۔یہ واجب ہے۔صفامروہ بیت اللہ کے قریب ہی ایک جگہ ہے۔
6۔اس کےبعدمکہ میں ہی بال منڈوانے یاکتروانے ہیں ۔چوتھائی سر کے بال کتروانا واجب ہے اور پورے سر کے بال منڈوانایا کترواناافضل ہے۔ عورتیں بال نہیں منڈوا سکتیں۔ جیسے ہی یہ عمل کیا عمرہ پورا ہوگیا۔)عورتوں کے لیے پورے سرکے بالوں کوا یک پورے کے بقدر کاٹنا بہتر جبکہ چوتھائی سر کے بالوں کا کم از کم ایک پورے کے بقدر کاٹنا واجب ہے)۔
تحریر: محمدانس عبدالرحیم
دارالافتاء ۔جامعۃ السعیدکراچی
www.suffahpk.com