نکاح سے پہلے لڑکی کو دیکھنا

سوال :جب رشتہ طے ہورہا ہو تو کس موقع پر لڑکی کو دیکھا جائے گا۔ دراصل لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب رشتہ پکا ہوجائے گا تو ہم اپنی بیٹی ایک نظر لڑکے کو دکھا دیں گے۔
لیکن لڑکے کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب لڑکا ایک نظر دیکھ لے گا تو ہی تو ہم رشتہ فائنل کرسکیں گے۔
اب رہنمائی فرمادیں کہ کس کی بات درست ہے۔
الجواب باسم ملھم الصواب

مذکورہ صورت میں لڑکے کی والدہ کی بات درست ہے، البتہ اس میں چند شرائط کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔
1):لڑکی کو دیکھنے کی غرض دیکھنے کی خواہش پوری کرنا نہ ہو بلکہ نکاح کی سنت کی تکمیل مقصود ہو
2):ایک ہی مرتبہ دیکھ لیا جائے بار بار دیکھنا تنہائی میں ملاقات اور نکاح سے پہلے رابطے کی شرعاً اجازت نہیں۔
3):لڑکی کے کسی محرم کی موجودگی میں دیکھا جائے
اور اگر اپنی محرم خاتون کے ذریعے لڑکی کے اوصاف معلوم ہوجائیں یا اس کے دیکھنے پر اکتفا کرلیا جائے تو یہ زیادہ بہتر ہے ۔
==========
حوالہ جات :
حدیث مبارکہ میں ہے :
1):عن جابر بن عبد اللہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم
اذا خطب احدکم المراۃ فان استطاع ان ینظر الی ما یدعوہ الی نکاحھا فلیفعل
ترجمہ :حضرت جابر بن عبداللّٰہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے فرمایا
جب تم میں سے کوئی ایک کسی عورت کو پیغام نکاح دے پس اگر وہ استطاعت رکھتا ہو کہ وہ اس عورت کی طرف دیکھے جس کو اس نے نکاح کی طرف بلایا ہے پس چاہیے کہ وہ ایسا ہی کرے ۔
(سنن ابو داؤد. 1/284)

2):المبسوط السرخسی میں ہے :
و كذلك إن كان أراد أن يتزوجها فلا بأس بأن ينظر إليها و إن كان يعلم أنه يشتهيها؛ لما روي «أن النبي صلى الله عليه وسلم قال للمغيرة بن شعبة لما أراد أن يتزوج امرأة: أبصرها؛ فإنه أحرى أن يؤدم بينكما»۔ «وكان محمد بن أم سلمة يطالع بنية تحت إجار لها، فقيل له: أتفعل ذلك و أنت صاحب رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ فقال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: إذا ألقى الله خطبة امرأة في قلب رجل أحل له النظر إليها»؛ ولأن مقصوده إقامة السنة لا قضاء الشهوة، وإنما يعتبر ما هو المقصود لا ما يكون تبعاً.”
(کتاب الاستحسان، النظر الی الاجنبیات ط دار المعرفہ بیروت، 10/155)

3):صاف صاف مطالبہ کرنا مجھے دکھاؤ میں خود دیکھوں گا مناسب نہیں ہاں کہیں موقع مل جائے چھپ چھپ کر دیکھنے میں مضائقہ نہیں ۔
(فتاویٰ محمودیہ :10/478)
فقط واللّٰہ تعالیٰ اعلم
شمسی تاریخ :
19/9/2022
قمری تاریخ :
22 صفر 1444ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں