صدقہ اورخیرات میں فرق

سوال: صدقہ اور خیرات میں کیا فرق ہے ؟

الجواب حامداومصلیا

صدقہ میں بھی ثواب کی نیت ہوتی ہے اور خیرات میں بھی ا س میں دونوں برابر ہیں ، البتہ صدقہ کبھی واجب ہوتا ہے مثلا نذر مان لینے سے، یا میت کی طرف سے اس کے وصیت کرنے پر،یا کسی کے پا س حرام مال آجائے اور مالک تک، یا اس کے ورثاء تک پہنچانامتعذر ہو تو اس کا بھی صدقہ کرنا واجب ہوتا ہے ، اورا س اخیر کی صورت کو نیت سے مستثنیٰ کیا جاتا ہے یعنی اس میں ثواب کی نیت نہیں کی جاتی ہے کہ اللہ پاک اس مال حرام کے وبال سے مجھے بچائے زکوۃ کو بھی صدقہ کہتے ہیں جو فرض ہے اسی طرح صدقہ فطر ہے جو کہ واجب ہے ۔ خیرات کا اطلاق ہمارے عرف میں صدقہ نافلہ پر ہوتا ہے ، صدقہ نافلہ سیدکو دینادرست ہے اور صدقہ واجبہ درست نہیں ۔

اگر میت نے وصیت نہیں کی تھی بلکہ اپنی طرف سے سید کوکھانا کھلایا اور ثواب کی نیت میت کے واسطے کرلی تو درست ہے اور صدقہ واجبہ درست نہیں ۔ کفارہ واجب تھا یا نذر واجب تھی اور اس نے وصیت کی توسید کو کھلانا درست نہیں :

“قولہ :وبنی ہاشم وموالیھم ، وقال المصنف فی الکافی : وھذا فی الواجبات کالزکوۃ والنذر والعشر والکفارۃ ،اما التطوع والوقف فیجوز الصرف الیھم، ” بحر:2/246 

فقط واللہ تعالیٰ اعلم 

حررہ العبد گنگوہی عفااللہ عنہ، معین مفتی مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور ، 58/10/15ھ

الجواب صحیح :سعید احمد غفرلہ

اپنا تبصرہ بھیجیں