سجدے پر قدرت نہ ہونے پر کرسی پر نماز پڑھنے کا حکم

سوال:محترم جناب مفتیان کرام! السلام علیکم و رحمة الله وبركا ته!کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ اگر کوئی شخص زمین پہ بیٹھ کہ نماز پڑھنے پہ قادر ہو لیکن سجدہ نہ کرسکتا ہو اور قیام و رکوع کی بھی قدرت ہو مگر بار بار اٹھ بیٹھ نہی سکتا تو ایسے شخص کے لئیے کیا افضل ہے ؟کرسی پہ نماز پڑھے یا زمین پہ بیٹھ کے تمام رکعات مکمل کرے

الجواب باسم ملهم الصواب

وعلیکم السلام و رحمة الله!

مذکورہ صورت میں یہ شخص قیام پر قادر ہے لیکن گھٹنے یا کمر میں شدید تکلیف کی وجہ سے زمین پر سجدہ نہیں کرسکتا نیز یہ شخص زمین پر بیٹھنے پر بھی قادر ہے اس لیے اسے چاہیے کہ زمین پر بیٹھ کر اشارہ سے نماز ادا کرے۔ تاہم قیام کرنا بہتر ہے۔ بیٹھ کر نماز میں یہ تفصیل بھی ہے کہ جو شخص کسی بھی طرح زمین پرآلتی پالتی مارکر یا پیر پھیلا کر بیٹھ سکتا ہو تو اس کے لیے کرسی وغیرہ پر بیٹھ کر نماز پڑھنا مکروہ ہے، البتہ اگر زمین پر کسی بھی ہیئت میں بیٹھنا مشکل ہو تب کرسی پر نماز ادا کرنی چاہیے۔

فإن عجز عن الرکوع، والسجود، وقدر علی القعود، فإنہ یصلي قاعداً بإیماء۔ (تاتار خانیۃ، کتاب الصلاۃ، الفصل الحادي والثلاثون في صلاۃ المریض, 667/2)

و اللہ سبحانہ اعلم

قمری تاریخ: 5 رجب 1442ھ

عیسوی تاریخ: 18 فروری 2021

اپنا تبصرہ بھیجیں