تعارف سورۃ الحجرات

اس سورت کے بنیادی موضوع دو ہیں

* ایک یہ کہ مسلمانوں کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تعظیم کا کیسا رویہ اختیار کرنا چاہئیے

* اور دوسرے یہ کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد واتفاق قائم رکھنے کے لئے کن اصولوں پر عمل کرناضروری ہے

* اس سلسلے میں پہلے یہ بتایا گیا ہے کہ اگرمسلمانوں کے دوگروہوں میں اختلاف پیدا ہوجائے تو دوسرے مسلمانوں پر کیا فریضہ عائد ہوتا ہے 

* اور اس کے بعد وہ اسباب بیان فرمائے گئے ہیں جو عام طور سے رہن سہن کے دوران آپس کے لڑائی جھگڑے پیدا کرتے ہیں،مثلاً ایک دوسرے کا مذاق اڑانا ،غیبت کرنا، دوسروں کے معاملات میں ناحق مداخلت کرنا ،بدگمانی کرنا وغیرہ،نیز یہ حقیقت پوری وضاحت اور تاکید کے ساتھ بیان فرمائی گئی ہے کہ خاندان قبیلے زبان اور قومیت کی بنیاد پر ایک دوسرے کے مقابلے میں اپنی بڑائی جتانے کا اسلام میں کوئی جواز نہیں ہے

* تمام انسان برابر ہیں، اور اگر کسی کو دوسرے پر کوئی فوقیت ہوسکتی ہے تو وہ صرف اپنے کردار اور تقوی کی بنیاد پر ہوسکتی ہے

* سورت کے آخر میں یہ حقیقت بیان فرمائی گئی ہے کہ مسلمان ہونے کے لئے صرف زبان سے اسلام کا اقرار کرلینا کافی نہیں ہے ،بلکہ اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام احکام کو دل سے ماننا بھی ضروری ہے،اس کے بغیر اسلام کا دعوی معتبر نہیں ہے۔

 

حجرات عربی میں حجرۃ کی جمع ہے جو کمرے کو کہتے ہیں ،اس سورت کی چوتھی آیت میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے رہائشی حجروں کے پیچھے سے آپ کو آواز دینے سے منع فرمایاگیا ہے اس وجہ سے اس سورت کا نام سورۂ حجرات رکھاگیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں