وضوکرنے کا طریقہ

وضوکرنے کا طریقہ

وضو کرنے والے کو چاہیے کہ وضو سے پہلے طہارت کی نیت کرے، بغیرنیت کے وضو کا ثواب نہ ہوگا،اگرچہ وضو ہوجائے گا۔ وضو کرتے وقت قبلہ کی طرف منہ کرکے کسی اونچی جگہ بیٹھے تاکہ چھنٹیں نہ پڑیں، وضو شروع کرتے وقت بسم اللہ الرحمن الرحیم کہے،پھر سب سے پہلے تین دفعہ گٹوں تک ہاتھ دھوئے، پھر تین دفعہ کلی کرے اور مسواک کرے، اگر مسواک نہ ہو تو انگلی سے اپنے دانت صاف کرلے تاکہ میل کچیل دور ہو جائے۔ اگر روزے سے نہ ہو تو غرارا کرکے اچھی طرح پورے منہ میں پانی پہنچائے اور اگر روزہ ہو تو غرارا نہ کرے، کیونکہ اس سے حلق میں پانی جانے کا اندیشہ ہے۔ پھر تین بار ناک میں پانی ڈالے اور بائیں ہاتھ سے اس طرح ناک صاف کرے کہ ناک کی نرم ہڈی تک پانی پہنچ جائے۔ جس کا روزہ ہو وہ نر م ہڈی سے اوپر پانی نہ لے جائے۔ پھر سر کے بالوں سے لیکر ٹھوڑی کے نیچے تک اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک تین دفعہ چہرہ دھوئے،دونوں ابرؤوں کے نیچے بھی پانی پہنچائے تاکہ کہیں کوئی جگہ خشک نہ رہ جائے، پھر تین بار دایاں ہاتھ کہنی سمیت دھوئے،پھر بایاں ہاتھ کہنی سمیت تین دفعہ دھوئے،اور ایک ہاتھ کی انگلیوں کو دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر خلال کرے۔ انگوٹھی، چھلاوغیرہ پہنا ہواہوتواسے ہلائے تاکہ نیچے کوئی جگہ خشک نہ رہ جائے۔

پھر ایک مرتبہ پورے سر کا مسح کرے، پھر کان کا مسح کرے، کان کے اندرکے حصے کا شہادت کی انگلی سے اور کان کےپچھلے حصے کا انگوٹھوں سے مسح کرے، پھر انگلیوں کی پشت سے گردن کا مسح کرے، گلے کا مسح نہ کرے ۔ کان کے مسح کے لیے نیا پانی لینے کی ضرورت نہیں، بلکہ سر کے مسح سے جو بچا ہوا پانی ہاتھ میں لگا ہے وہی کافی ہے۔پھر تین بار دایاں پاؤں ٹخنے سمیت دھوئے، پھر بایاں پاؤں ٹخنے سمیت تین دفعہ دھوئے اور بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے پیر کی انگلیوں کا خلال کرے اس طرح کہ دائیں پاؤں کی چھوٹی انگلی سے شروع کرے اور بائیں پاؤں کی چھوٹی انگلی پر ختم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں