مجبوری میں قادیانیوں سے معاملات کرنا

مفتی صاحب ہمارے گاؤں میں ایک غریب ٹیکسی ڈرائیور دوسرا کباڑ کا کرتا ہے لیکن وہ رہتے قادیانیوں کے گھر میں ہیں، کرایہ نہیں دیتے۔ اب گاؤں کے مولوی صاحبان انہیں یہ گھر چھوڑنے کے لیے مسلسل دباو ڈال رہے ہیں اور مساجد میں ان مسلمانوں سے بائیکاٹ کا کہہ رہے ہیں۔ انہیں قادیانی نواز کے القاب دئیے گئے۔ سر یہ لوگ چلے جائیں گے پھر نئے کرایہ دار آجائیں گے۔ گاؤں والوں نے اتنا ٹارچر کیا کہ کہتا ہے کہ بـس میری بیوی بچوں کو مار دو کہ جان چھوٹ جائے۔ 

مولوی صاحبان انہیں کہتے ہیں کہ تمہارے ایمان کو خطرہ ہے۔ حالانکہ یہ کچھ 20 سال سے قادیانیوں کا ڈرائیور رہا ہے، آج تک سالم مسلمان ہے۔ داڑھی ہے اور نماز گزار ہے۔ اب تو ان کے ساتھ ڈرائیونگ نہیں کرتا وہ تو اب قادیانی شہر کو شفٹ ہوگئے ہیں جبکہ یہ گاؤں میں ان کے پرانے گھر میں بغیر اجرت کے رہ رہا ہے۔ 

یہاں کے علماء فرماتے ہیں کہ اگر گھر نہ چھوڑا بائیکاٹ کریں گے اور تم قادیانی نواز ہو اور قادیانیوں کو دعوت بھی نہیں جاسکتی۔ حالانکہ ان کا دادا قادیانی تھا، بچے قادیانی پیدا ہوئے تو زندیق کیسے ؟

مہربانی فرما کر جلدی اس کا جواب دیں۔اس شخص کو گھر چھوڑنے کی مہلت ملی ہے، اس لیے یہ فتوی بہت ضروری ہے۔

الجواب حامداومصلیا

قادیانی دوسرے کفار کے مقابلے میں اسلام اور مسلمانوں کے لیے زیادہ خطرناک ہیں۔ کیونکہ عام کفار اپنے آپ کو غیر مسلم کہتے ہیں۔ اور کھلے دشمن سے اتنا خطرہ نہیں ہوتا جبکہ قادیانی خود کو مسلمان کہتے ہیں، اس سے عام مسلمان کو دھوکہ ہوجاتا ہے اور ان کے فریب میں آکر ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہے۔ اس لیے عام کفار کے مقابلے میں ان سے زیادہ ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ان کے ساتھ معاملات کرنا ایمانی غیرت کے خلاف ہے۔ لہذا سخت مجبوری کے بغیر ان کے ساتھ معاملات نہ کیے جائیں۔

صورت مسؤلہ میں قادیانیوں کے مکان رہنے والے شخص کی اگر استطاعت ہو کہ اپنے لیے دوسری رہائش کا انتظام کرسکیں، تو قادیانیوں کے گھر میں نہ رہیں۔ اگر گنجائش نہ ہو تو علاقے کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان کی رہائش کا انتظام کریں۔ اگر علاقے کے لوگ بھی انتظام نہیں کرتے تو مجبوری میں اس گھر میں بغیر کرایہ کے رہنے کی گنجائش ہے۔ مجبوری اور عام حالاات کے احکام میں فرق ہوتا ہے، اس لیے مجبوری کی صورت میں ان پر سختی کرنا درست نہیں۔

واللہ اعلم بالصواب

محمود اشرف

١٩۔٩۔٢٠١٩

 پی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیےلنک پر کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/942417149460864/

مجبوری میں قادیانیوں سے معاملات کرنا (36-2107)

اپنا تبصرہ بھیجیں