پینافلیکس کاروبار کاحکم

سوال: میرے بیٹے کا پینافلیکس پرنٹنگ کا کاروبارہے،  جس میں کسٹمرز کے لائے گئے اشتہارات  کوپرنٹ کیاجاتا ہے اور بعض اوقات  یہ ڈیزائن  ہم خود بھی تیار  کرتے ہیں ۔ یہ اشتہارات  اکثر وبیشتر مختلف  قسم کی تصاویر پرمشتمل ہوتے ہیں جوکہ ان کے شعبوں سے متعلق ہوتےہیں ۔ مثلا بیوٹی پارلر کے لیے بنائے جانے والے فلیکس پر  دلہن کی تصویر ،ا لیکشن کےمتعلق امیدوارکی تصویر وغیرہ وغیرہ ۔ ایسے ہی ان اشتہارات  میں بعض اوقات  شیعوں  کے ماتم اور نوحہ وغیرہ کےمتعلق بھی فلیکس ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ عیسائی اور سکھوں  کے مذہبی تہواروں  کےمتعلق فلیکس ہوتے ہیں جوپرنٹ کئے جاتے ہیں ۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ مذکورہ  بالاصورتوں  میں اس کاروبار کی شرعی حیثیت  کیاہوگی ؟ اس کی آمدن  کا کیا حکم  ہوگا؟ حلال نہ ہونے کی صورت میں اب تک کی استعمال کی گئی آمدن کا شرعاً کیاحل ہوگا؟

جواب: جاندار کی تصویر بنانا یاانسا نی جسم کے کسی حصے کی تصویر بنانا جسے دیکھنا جائز نہیں ہے ، ناجائز اور حرام ہے ، خواہ ایسی تصویر  خود ڈیزائن کی جاتی ہو یاکسٹمرزکےلائے ہوئے اشتہارات سے پرنٹ کی جاتی ہو، لہذا اس سے اجتناب کرنا لازم  ہے۔ اور ایسی ناجائز تصاویر والے پینافلیکس کی آمدنی کا حکم یہ ہے کہ  ناجائز تصویر لگانے سے جتنی رقم حاصل ہو وہ حرا م ہے، البتہ  ناجائز تصویرکےعلاوہ بقیہ چیزوں کی قیمت اور ان کی محنت  ومشقت  کی اجرت حلال ہے۔ یعنی ناجائز تصویر والے پینا فلیکس اور ناجائز تصویر کے بغیر پینا فلیکس  کی اجرت  اورقیمت  میں جو فرق ہوگا وہی اس تصویر  کی آمدنی ہوگی اس کو بلانیت  ثواب صدقہ  کرنا واجب ہے۔ ( تبویب  : 35/1366)

نوحہ، ماتم  اور غیرمسلموں کےمذہبی  تہوار وغیرہ  کی تشہیر  کے لیے پینافلیکس  تیار کرنے سے باطل  نظریات  کی اشاعت میں معاونت  ہوتی ہے، اس لیے اس سے اجتناب  لازم ہے ، ایسے پینافلیکس  کی آمدنی  کاحکم  یہ ہے کہ اگرپینا فلیکس  پر پرنٹ  کیے گئے الفاظ کفریہ عقائد یا شرک پر مبنی نہ ہوں تو اس کی آمدنی کراہت کے ساتھ حلال ہے، اور اگر پینا فلیکس پر کفریہ عقائد یا شرک پر مبنی الفاظ  پرنٹ کئے جائیں  توایسے پینافلیکس کی آمدنی کا وہی حکم ہوگا جو ناجائز تصویر والے پینافلیکس کی آمدنی کاحکم ہے ۔ ( الفقہ الاسلامی  وادلتہ  5:468، الفتاویٰ  الھندیہ ، 4:450)

دارالعلوم کراچی

عربی حوالی جات وپی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےلیےلنک پرکلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/947918118910767/

اپنا تبصرہ بھیجیں