سورہ ملک کو رات کے علاوہ میں پڑھنے کا حکم

سوال : میرا سوال ہے کہ جو سورہ جس وقت پر پڑھنے کا حکم ہے اس کے علاوہ وقت کی کمی کے باعث کسی اور وقت پر پڑھ دیں تو کیا اجر مل جاتا ہے جیسے سورہ ملک عشا کے بعد حکم ہے اور ہم اسے کسی اور وقت پڑھ لیں اسی نیت سے تو کیا اجر مل جائیگا ؟

الجواب باسم ملھم الصواب

واضح رہے کہ قرآن مقدس کی کوئی بھی سورۃ یا آیت کسی بھی وقت پڑھی جائے تو اس کا اجر پڑھنے والے کو ملتا ہے، البتہ اگر مخصوص فضیلت حاصل کرنے کے لیے پڑھنا مقصود ہے تو پھر اسی وقت میں پڑھنا ضروری ہوگا جو احادیث میں بتایا گیا ہے۔ لہذا اگر سورۂ ملک کی مخصوص فضیلت حاصل کرنی ہے تو پھر اسی وقت پڑھنی ہوگی جو حدیث میں بتا یا گیا ہے یعنی عشاء کے بعد۔
حواله جات :

1 : قَالَ إِنَّ سُورَةً فِي الْقُرْآنِ ثَلَاثُونَ آيَةً شَفَعَتْ لِصَاحِبِهَا حَتَّى غُفِرَ لَهُ تَبَارَكَ الَّذِي بِيَدِهِ الْمُلْكُ۔
(ابن ماجہ : 3786)
ترجمہ : نبی ﷺ نے فرمایا :’’ قرآن مجید میں ایک سورت ہے جس کی تیس آیتیں ہیں ۔ اس نے اپنے پڑھنے والے کی شفاعت کی حتی کہ اس کی مغفرت ہو گئی ۔ ( وہ سورت ہے ) ﴿ تَبَارَكَ الَّذِیْ بِیَدِہِ الْمُلْك ﴾

2 : عَنْ جَابِرٍ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌ قَالَ: کَانَ رَسُولُ اللّٰہِ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم لَا یَنَامُ حَتّٰی یَقْرَأَ الٓمٓ پتَنْزِیلُ السَّجْدَۃَ، وَتَبَارَکَ الَّذِی بِیَدِہِ الْمُلْکُ۔
(مسند احمد :5530)
ترجمہ :سیدنا جابر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سورۂ سجدہ اور سورہ ملک کی تلاوت کیے بغیر نہیں سوتے تھے-

3: قرآن کریم کے ہر حرف پر دس نیکیوں کا ثواب ملنا طے ہے۔(کتاب النوازل 2/257)
واللہ اعلم بالصواب

24 ربیع الاول 1444
20 اکتوبر 2022

اپنا تبصرہ بھیجیں