سرخ لپ اسٹک کا حکم

سوال : کیا سرخ شیڈ کی لپ اسٹک لگاسکتے ہیں؟ میں نے سنا ہے کہ سرخ رنگ میں کسی کیڑے کے اجزاء شامل ہوتے ہیں؟ کیایہ صحیح ہے؟
اور کیا لپ اسٹک لگا کے نماز ہوجاتی ہے؟؟

الجواب باسم ملھم الصواب
1 ۔ یہ بات درست ہے کہ بعض سرخ لپ اسٹک ایسی ہوتی ہیں کہ جن کا سرخ رنگ ” کوچنیل‘‘(COCHINEAL) نامی کیڑے سے کشید کیا جاتا ہے جس کا کوڈ ’’E120 “ ہے ،لیکن یہ سمجھنا کہ ہر سرخ رنگ میں اس کیڑے کے اجزاء شامل ہوتے ہیں یہ درست نہیں۔
لہذا صرف وہ لپ اسٹک جس کے کوڈ میں ” E120“ لکھا ہو اس سے بچنا چاہیے۔
لیکن جس لپ اسٹک کے بارے میں یقین نہ ہو کہ اس میں اس کیڑے کے اجزاء شامل کیے گئے ہیں، اسے لگانا منع نہیں۔

2 ۔ نماز کی حالت میں اگر ایسی لپ اسٹک لگی ہو جس میں کیڑے کے اجزاء شامل بھی ہوں تو اس میں کوئی حرج نہیں، بشرطیکہ اس کے اجزا منہ میں نہ جائیں ؛ کیونکہ کیڑا ناپاک نہیں ہوتا۔
تاہم اگر کوئی لپ اسٹک وضو میں جسم تک پانی پہنچنے سے مانع ہو تو اسے وضو سے پہلے اتارنا لازم ہوگا۔
اسی طرح اگر یہ لپ اسٹک ہونٹوں پہ لگالی تو اس کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ہونٹوں پہ زبان نہ پھیرے یا اس کے اجزاء حلق میں نہ جائیں، کیونکہ اس صورت میں ایک ناجائز چیز حلق میں جائے گی جو کہ اس کا داخلی استعمال ہوگا جو جائز نہیں ۔
===============
حوالہ جات:
1 ۔ ” سوال  یہاں دکانوں میں لال شربت ملتا ہے،اس کے اندر جو سرخی اور لالی ہوتی ہے وہ ایک قسم کی مکھی سے کشید کی جاتی ہے۔اس مکھی کو پیس کر یا کسی اور طریقہ سے سرخی کشید کرتے ہیں اور اس کو شربت میں ملاتے ہیں تو اس شربت کا پینا کیسا ہے؟
الجواب :  ’’مکھی اور چیونٹی میں دم سائل نہیں ہے، اس لئے پاک ہے، مگر کھانا حلال نہیں، خارجی استعمال درست ہے،داخلی استعمال درست نہیں،لہٰذا اس کا کوئی جزء شربت میں پڑتا ہوتو اس کا استعمال جائز نہ ہوگا۔‘‘  
(فتاوی رحیمیہ : کتاب الحظروالإباحۃ، باب ما یجوز أکلہ ومالا یجوز، 138 / 9 ،ط:دارالإشاعت)۔

2 ۔ ”کیڑے مکوڑے اور خشکی کے جملہ وہ جانور جن میں دم سائل نہ ہو،پاک ہیں، جیسے حشرات الارض بچھو ،چھوٹی چھپکلی جس میں دم سائل نہ ہو، چھوٹا سانپ جس میں دم سائل نہ ہو، خارجاً ان کا استعمال ہر طرح درست ہے اور داخلاً سب حرام ہیں،سوائے ٹڈی کے “ ۔
(بہشتی زیور ،نواں حصہ، ص104، ط:میر محمد کتب خانہ)۔

واللہ اعلم بالصواب۔
19 رجب 1444
10 فروری 2023۔

اپنا تبصرہ بھیجیں