فرض اور سنت نماز پڑھنے کا مسنون طریقہ

فتویٰ نمبر:4043

سوال:محترم جناب مفتیان کرام! 

برائے مہربانی خواتین کے لیے چار رکعت نماز فرض اور چار رکعت نماز سنت ادا کرنے کا صحیح مسنون طریقہ بیان فرما دیں ہر رکعت کے حساب سے۔

والسلام

الجواب حامدا ومصليا

فرض اور سنت نماز پڑھنے کا سنت طریقہ یہ ہے کہ اچھی طرح وضو کرکے قبلہ رخ کھڑے ہوں اور نماز کی نیت کرکے اللہ اکبر کہیں اور اللہ اکبر کہتے وقت ہاتھوں کو دوپٹہ سے باہر نہ نکالیں اور کانوں تک نہ اٹھائیں بلکہ کندھوں تک ہاتھ اٹھا کر سینے پر پہلے بایاں ہاتھ رکھیں اور اس کی پشت پر دائیں ہاتھ کی ہتھیلی رکھیں۔

اور یہ دعا پڑھیں: “سبحانك اللھم وبحمدك و تبارك اسمك و تعالیٰ جدك ولا الٰه غیرك” پھر “اعوذ باللہ” اور “بسم اللہ” پڑھ کر سورہ فاتحہ پڑھیں، پھر “بسم اللہ” پڑھ کر کوئی سورت پڑھیں۔

قیام کی حالت میں نگاہ سجدہ کی جگہ پر رکھیں۔ پھر “اللہ اکبر” کہہ کر رکوع میں جائیں اور “سبحان ربي العظیم” تین، پانچ یا سات مرتبہ کہیں ۔ رکوع میں دونوں ہاتھوں کی انگلیاں ملا کر گھٹنوں پر رکھیں اور دونوں بازو خوب ملائیں اور دونوں پیر کے ٹخنے ملا لیں اور نظریں دونوں پیروں کے درمیان ٹکی ہوں۔ 

پھر “سمع اللہ لمن حمدہ” پڑھیں اور “ربنا لك الحمد” کہتے ہوئے سر کو اٹھائیں، جب خوب 

سیدھی کھڑی ہوجائیں تو پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے سجدہ میں 

جائیں، زمین پر پہلے گھٹنے رکھیں، پھر ہاتھ اور پھر ناک، پیشانی دونوں ہاتھوں کے درمیان رکھیں، نگاہ ناک کی نوک پر ٹکی ہو۔ 

سجدہ میں پاؤں داہنی طرف کو نکال کر، خوب سمٹ کر اور دب کر اس طرح سجدہ کریں کہ پیٹ دونوں رانوں سے اور باہیں دونوں پہلوؤں سے ملا کر زمین پر رکھی ہوئی ہوں۔ 

سجدہ میں کم سے کم تین دفعہ “سبحان ربي الاعلیٰ” کہیں۔ پھر “اللہ اکبر” کہتے ہوئے اٹھیں جب خوب اچھی طرح بیٹھ جائیں تب “اللہ اکبر” کہہ کر دوسرا سجدہ بھی اسی طرح کریں۔

دو سجدوں کے درمیان جلسہ میں اپنے دونوں پاؤں دائیں طرف نکال کر بائیں سرین کولھے پر بیٹھیں اور دونوں ہاتھوں کو انگلیاں خوب ملا کر اپنی رانوں پر رکھیں، پھر “اللہ اکبر” کہتے ہوئے زمین پر ہاتھ ٹیکے بغیر کھڑے ہوجائیں۔ 

یہ ایک رکعت پوری ہوئی۔ پھر “بسم اللہ” کہہ کر سورہ فاتحہ اور سورت پڑھ کے دوسری رکعت اسی طرح پوری کریں۔ جب دوسرا سجدہ کرچکیں تو، پھر التحیات پڑھیں: “التحیات للہ و الصلوات والطیبات، السلام علیك أیھا النبي ورحمة اللہ وبرکاته، السلام علینا وعلی عباد اللہ الصالحین، أشھد أن لا الٰه إلا اللہ وأشھد أن محمدا عبدہ ورسوله” جب کلمہ پر پہنچیں تو بیچ کی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ بنا کر “لا الٰه” کہنے کے وقت شھادت کی انگلی اٹھائیں اور “الا اللہ” کہنے کے وقت جھکا دیں، مگر حلقہ کی ہیئت آخر نماز تک باقی رکھیں۔ پھر فورا “اللہ اکبر” کہہ کر اٹھ کھڑی ہوں اور دو رکعتیں اور پڑھ لیں۔ فرض نماز میں آخری دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے ساتھ اور کوئی سورت نہ ملائیں، جبکہ سنت نماز میں آخری دو رکعتوں میں سورت فاتحہ کے بعد سورت ملائیں۔ 

جب چوتھی رکعت پر بیٹھیں پھر التحیات پڑھ کے یہ درود پڑھیں: “اللھم صل علی محمد و علی اٰل محمد کما صلیت علی ابراھیم وعلی اٰل ابراھیم انك حمید مجید، اللھم بارك علی محمد وعلی اٰل محمد کما بارکت علی ابراھیم وعلی اٰل ابراھیم انك حمید مجید”۔ پھر یہ دعا پڑھیں: “اللَّهمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كثِيرًا، وَلا يَغْفِر الذُّنوبَ إِلاَّ أَنْتَ، فَاغْفِر لي مغْفِرَةً مِن عِنْدِكَ، وَارحَمْني، إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفور الرَّحِيم

پھر دائیں طرف سلام پھیریں اور کہیں: “السلام علیکم ورحمة اللہ”، پھر یہی کہہ کر بائیں طرف سلام پھیرتے ہوئے نماز مکمل کریں، سلام کرتے وقت فرشتوں پر سلام کرنے کی نیت کریں۔ 

🔸واللہ سبحانہ اعلم🔸

✍بقلم : اہلیہ اسد اللہ 

قمری تاریخ: 4/6/1440

عیسوی تاریخ:9/2/2019

تصحیح وتصویب:مفتی انس عبد الرحیم

➖➖➖➖➖➖➖➖

ہمارا فیس بک پیج دیکھیے. 

📩فیس بک:👇

https://m.facebook.com/suffah1/

====================

ہمارا ٹوئیٹر اکاؤنٹ جوائن کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں. 

📮ٹوئیٹراکاؤنٹ لنک👇

https://twitter.com/SUFFAHPK

===================

ہماری ویب سائٹ سے وابستہ رہنے کے لیے کلک کریں:

www.suffahpk.com

===================

ہمارے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں:

https://www.youtube.com/channel/UCMq4IbrYcyjwOMAdIJu2g6A

اپنا تبصرہ بھیجیں