لپ سٹک میں موجود الکحل کا حکم

سوال: میڈورا کی لپ سٹک خرید سکتے ہیں یا نہیں؟ میں خریدنے گئی تو وہاں ایک لڑکی نے بتایا کہ اس میں الکحل ہوتا ہے۔آپ بتا دیں کہ کون سی کمپنی کا لپ سٹک صحیح ہے۔
الجواب باسم ملهم الصواب
میڈورا لپ اسٹک پاکستانی پروڈکٹ ہے اور اس کے اجزاء کو دیکھتے ہوئے بظاہر یہی لگتا ہے کہ اس میں کوئی ایسا جز شامل نہیں ہے جو کہ حرام یا مشتبہ ہو۔ رہا اس میں موجود الکحل تو اس میں کچھ تفصیل ہے وہ یہ کہ الکحل کی دو قسمیں ہیں:
(1) ایک وہ جو منقیٰ، انگور یا کھجور کی شراب سے حاصل کی گئی ہو، یہ بالاتفاق ناپاک وحرام ہے، اس کا استعمال اور اس کی خریدوفروخت ناجائز ہے.
(2) دوسری وہ جو مذکورہ بالا اشیاء کے علاوہ کسی اور چیز مثلاً جو، آلو، شہد، گنا، سبزی وغیرہ سے حاصل کی گئی ہو، اس کا استعمال اور اس کی خریدوفروخت جائز ہے بشرط یہ کہ نشہ آور نہ ہو۔
اگر لپ سٹک میں ایتھائل الکحل پہلی قسم کا ہے تو خواہ وہ معمولی کیوں نہ ہو اس کا استعمال جائز نہیں ہے، اگر دوسری قسم کا ہو تو ایسی لپ سٹک کا استعمال جائز ہے؛ کیوں کہ اس میں شامل مقدار سے نشہ نہیں آتا۔
عام طور پر لپ اسٹک اور دیگر مرکبات میں جو الکحل استعمال ہوتی ہے وہ انگوریا کھجور وغیرہ سے حاصل نہیں کی جاتی، بلکہ دیگر اشیاء سے بنائی جاتی ہے، لہذا کسی چیز کے بارے میں جب تک تحقیق سے ثابت نہ ہوجائے کہ اس میں پہلی قسم (منقیٰ، انگور، یا کھجور کی شراب) سے حاصل شدہ الکحل ہے، اس وقت تک اس کے استعمال کو ناجائز اور حرام نہیں کہہ سکتے۔ تاہم بہتر یہ ہے کہ آج کل بہت سی کمپنی حلال سرٹیفائیڈ ہیں، ان ہی کی لپ سٹک اور دوسرے پروڈکٹ استعمال کیے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ جات:
1۔القاعدة التاسعة: الأصل في الأشياء الإباحة.فكل ما خلق الله الأصل فيه الحل والإباحة ما لم يرد دليل يحرمه. و كل ما صنع الإنسان من الآلات والأجهزة فالأصل فيه الحل والإباحة ما لم يرد فيه دليل يحرمه. فالأصل الإباحة في كل شيء، والتحريم مستثنى.” (القاعدة التاسعة، ج:145، ص:84، ط: بيت الافكار الدولية)
2۔انگریزی دواوں میں اسپرٹ میتھائل ایسڈ کی آمیزش ہوتی ہے جو روغنوں اور رنگوں میں ڈال کر استعمال کی جاتی ہے ۔اور وہ شراب نہیں ہے ۔اس لیے اس کی آمیزش سے دواوں کی بیع وشرا ناجائز نہیں ہوتی۔ (کفاية المفتي 9/ 148)
والله تعالى أعلم بالصواب
23 جمادی الثانی 1444ھ
16 دسمبر 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں