درود شریف پڑھنے کی منت ماننا

سوال: کسی نے اس طرح کہا کہ میرے بچے روز عربی زبان اچھی طرح سمجھ جائیں تو میں 41 مرتبہ درودشریف روز شکرانے کے طور پر پڑھوں گی؛ لیکن اب روز پڑھنا بھول جاتی ہیں اور کبھی تو 15،15 دن بھی بھول جاتی ہیں۔
ایسی صورت میں کوئی اور حل ہے یا پھر روز کے روز ادا کرنا لازم ہوگا؟

الجواب باسم ملھم الصواب
واضح رہے کہ جس چیز کی منت مانی جارہی ہو اس کے منعقد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ وہ عبادت مقصودہ کے قبیل سے اور اس کی جنس سے کوئی فرض و واجب ہو،لیکن اگر وہ چیز جس کی منت مانی گئی،وہ فرض یا واجب کے قبیل سے نہ ہو تو پھر شرعاً ایسی نذر کا پورا کرنا واجب نہیں۔
صورت مذکورہ میں درود شریف کا پڑھنا شریعت نے چونکہ بعض صورتوں میں واجب کیا ہے؛اس لیے اس کی منت صحیح ہے اور اس کا پورا کرنا بھی ضروری ہے،پورا نہ کرنے پر گناہ لازم آئے گا۔لہذا اگر بچے عربی زبان اچھی طرح سمجھ رہے تو مذکورہ خاتون پر اس منت کا بعینہ پورا کرنا لازم ہوگا، تاہم جتنے دنوں میں پڑھنا بھول گئی،یاد آنے پر اس عدد کو پورا کر لے ۔اور غفلت و کوتاہی پر توبہ واستغفار کرلے۔

حوالہ جات
1۔”ومن نذر نذراً مطلقاً أو معلقاً بشرط وکان من جنسه واجب أی فرض۔۔ وهو عبادة مقصودة۔۔ووجد الشرط۔۔۔ لزم الناذر کصوم وصلاة۔“
(فتاوی شامی:3/ 735)

2۔۔۔”(ومنها) أن يكون ‌قربة ‌مقصودة، فلا يصح النذر بعيادة المرضى وتشييع الجنائز والوضوء والاغتسال ودخول المسجد ومس المصحف والأذان وبناء الرباطات والمساجد وغير ذلك وإن كانت قربا؛ لأنها ليست بقرب مقصودة ويصح النذر بالصلاة والصوم والحج والعمرة والإحرام بهما والعتق والبدنة والهدي والاعتكاف ونحو ذلك؛ لأنها قرب مقصودة.”

(بدائع الصنائع :5/ 82)

3۔۔”ويشترط لصحة النذر سبعة شروط: الأول أن يكون من جنس المنذور فرض أو واجب اصطلاحي على الأصح كالصوم والصلاة والصدقة۔“
(الفقه على المذاهب الأربعة :2/ 131)

4۔”ولو نذر أن يصلي على النبي صلى اللّٰه عليه وآله وسلم كل يوم كذا لزمه“۔
(فتاوى شامية:542/5)

5۔ یہ منت مانی کہ ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھوں گی یا ایک ہزار دفعہ کلمہ پڑھوں گی تو منت ہوگئی اور پڑھنا واجب ہوگیا۔

(بہشتی زیور:حصہ سوم،ص:144)
واللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

17جمادی الأولی1444ھ
12 دسمبر 2022ء

اپنا تبصرہ بھیجیں