جمعہ کے آداب اورجمعہ کی نماز پڑھنے کا طریقہ
1-ہر مسلمان کو چاہیے کہ جمعہ کا اہتمام جمعرات سے کرے، جمعرات کے دن عصر کے بعد استغفار وغیرہ زیادہ کرے اور اپنے پہننے کے کپڑے صاف کرکے رکھے اور اگر خوشبو گھر میں نہ ہو اور ممکن ہو تو جمعرات کو ہی اس کا انتظام کرے تاکہ جمعہ کے دن ان کاموں میں اس کو مشغول نہ ہوناپڑے۔ بزرگانِ دین نے فرمایا ہے کہ سب سے زیادہ جمعہ کا فائدہ اس کو ملے گا جو اس کا منتظر رہتا ہو اور اس کا اہتمام جمعرات سے کرتا ہو اور سب سے زیادہ بد نصیب وہ ہے جس کو یہ بھی معلوم نہ ہو کہ جمعہ کب ہے؟ حتیٰ کہ صبح کو لوگوں سے پوچھے کہ آج کون سا دن ہے؟ بعض بزرگ شب ِجمعہ کو زیادہ اہتمام کی غرض سے جامع مسجد ہی میں جاکر رہتے تھے۔
2-جمعہ کے دن غسل کرے، سر کے بالوں اور بدن کو خوب صاف کرے، ناخن تراشے، اس دن مسواک کرنے کی بھی بہت فضیلت ہے۔ ( إحیاء العلوم )
3-جمعہ کے دن غسل کے بعد عمدہ سے عمدہ کپڑے جو اس کے پاس ہوں پہنے اور ممکن ہو تو خوشبو لگائے( حوالۂ بالا )
4-جامع مسجد میں جلدی جائے، جو شخص جتنا پہلے جائے گا اس کو اتنا زیادہ ثواب زیادہ ملے گا۔ نبی کریمﷺنے فرمایا: ’’جمعہ کے دن فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہوتے ہیں ، درجہ بدرجہ سب کا نام لکھتے ہیں،جو سب سے پہلے آتا ہے اس کو ایسا ثواب ملتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں اونٹ قربان کردیا، اس کے بعد والے کو گائے کی قربانی کرنے کا ثواب دیا جاتا ہے،اس کے بعد والے کو مرغ ذبح کرنےکا،اس کے بعد والے کو انڈہ صدقہ کر نے کا ثواب دیاجاتا ، پھر جب خطبہ شروع ہونے لگتا ہے تو فرشتے رجسٹر بند کرلیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔‘‘ ( صحیحین )
5-جمعہ کی نماز کے لیے پیدل جانے میں ہر قدم پر ایک سال روزہ رکھنے کا ثواب ملتا ہے۔ ( ترمذی )
6- نبی اکرمﷺجمعہ کے دن فجر کی نماز میں ’’سورۂ الم سجدۃ‘‘ اور ’’سورہ دھر ‘‘ پڑھتے تھے، لہٰذا ان سورتوں کو جمعہ کے دن فجر کی نماز میں مستحب سمجھ کر کبھی کبھی پڑھا کرے، کبھی کبھی چھوڑ دے تاکہ لوگوں کو یہ گمان نہ ہو کہ یہ لازمی ہیں۔
7-جمعہ کی نماز میں نبی کریمﷺسورہ ٔ جمعہ یا سورہ منافقون یا سورۃ الاعلیٰ اور سورہ غاشیہ پڑھتے تھے۔
8-جمعہ کے دن نماز سے پہلے یا بعد میں سورۂ کہف پڑھنے سے بہت ثواب ملتاہے۔ نبی کریمﷺنے فرمایا: ’’جمعہ کے دن جو شخص سورۂ کہف پڑھے گا اس کے لیے عرش کے نیچے سے آسمان کے برابر ایک نور ظاہر ہوگا اور قیامت کے اندھیرے میں اس کے کام آئے گااور گزشتہ جمعہ سے اس جمعہ تک جتنے گناہ اس سے ہوئے تھے سب معاف ہوجائیں گے۔ ‘‘( شرح سفر السعادت )
علماء نے لکھا ہے کہ اس حدیث میں گناہِ صغیرہ مراد ہیں اس لیے کہ کبیرہ توبہ کے بغیر معاف نہیں ہوتے۔
9-جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے میں بھی باقی دنوں سے زیادہ ثواب ملتا ہے، اسی لیے احادیث میں ہے کہ جمعہ کے دن درود شریف زیادہ سے زیادہ پڑھو۔
جمعہ کی نماز پڑھنے کا طریقہ
جمعہ کی پہلی اذان کے بعد خطبہ کی اذان سے پہلے چار رکعت سنت پڑھے، یہ مؤکدہ سنتیں ہیں،پھر خطبہ کے بعدجمعہ کی دو رکعت فرض امام کے ساتھ پڑھے، پھر چار رکعت سنت پڑھے۔ یہ سنتیں بھی مؤکدہ ہیں، پھر دو رکعت سنت پڑھے۔ یہ دو رکعت بھی بعض حضرات کے نزدیک مؤکدہ ہیں۔