دوسروں کو نرمی سے قائل کرنا

سوال:میں جوائنٹ فیملی میں رہتی ہوں۔ شرعی پردہ کرتی ہوں ۔کوشش ہوتی ہے کہ مجھ سے کسی کو تکلیف نہ ہو لیکن پھر بھی دوسروں کو کوئی نہ کوئی مسئلہ ہو جاتا ہے ۔اگر میری خاموشی کو دوسرے میری بزدلی سمجھنے لگیں اور بہت زیادہ تکلیف یا اذیت دینے لگیں تو ہمیں کیا طریقہ کار اختیار کرنا چاہئے کہ سکون ہو جاۓ ۔
ہمارے بار بار نظر انداز کرنے اور نرمی سے جواب دینے سے سامنے والا ڈھیٹ ہوجاتا ہے تو کیا یہ بہتر نہیں کہ اس کو سخت جواب دے دیا جائے؟

الجواب باسم ملہم الصواب

جوائنٹ فیملی کے ساتھ رہنے میں عورت کو احوالِ زمانہ کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ گھر میں انتشار کی نوبت نہ آئے ۔
آپ شرعی پردہ کرتی ہیں اور دیندار ہیں تو آپ کی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے کہ اپنے رویے سے گھر والوں کو دین کی طرف راغب کریں ۔اگر سخت جواب دیں گی تو ممکن ہے کہ آپ کو دوسری طرف سے مزید تکلیف دہ رویے کا سامنا کرنا پڑے اور وہ لوگ دین سے مزید دور ہو جائیں ۔
لہذا دوسری طرف سے ناگوار باتوں پر حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے خاموشی اختیار کریں ،صبر کریں اور اللہ سے مدد مانگیں۔شوہر پر بھی لازم ہے کہ آپ کے لیے الگ گھر کا انتظام کریں ورنہ کم از کم گھر میں ہی آپ کمرہ اور چولہا بالکل الگ کردیں جس میں کسی اور کا اختیار نہ ہو۔
نیز اگر کبھی صرف نظر کرنے بجائے بات کرنا مناسب سمجھیں تو شوہر کے مشورے سے درست انداز میں بات کرلینی چاہئے ۔

___________

حوالہ جات :-
1۔فَقُولَا لَهُ قَوْلًا لَّيِّنًا لَّعَلَّهُ يَتَذَكَّرُ أَوْ يَخْشَىٰ (طہ :44)

ترجمہ۔تو آپ دونوں اس سے نرمی سے بات کریں شاید وہ سوچے اور ڈرے ۔

2۔يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ ۔( سورة البقرة :153)

ترجمہ ۔اے ایمان والو ! صبر اور نماز سے مدد مانگو بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ۔
___________
1۔وليس للزوج أن يسكن امرأته وأمه في بيت واحد۔۔۔وذكر الخصاف أن لها أن تقول لا أسكن مع والديك وأقربائك في الدار فأفرد لي دارا“۔
(ردالمحتارعلی الدرالمختار،مطلب فی مسکن الزوجۃ،319/5)

”قَوْلُهُ ( والسكنى في بَيْتِ حال عن أَهْلِهِ وَأَهْلِهَا )۔۔۔ وإذا وَجَبَتْ حَقًّا لها ليس له أَنْ يُشْرِكَ غَيْرَهَا فيه لِأَنَّهَا تَتَضَرَّرُ بِهِ“۔
(البحرالرائق،باب النفقۃ،238/4)

واللہ اعلم بالصواب
29دسمبر 2022
5جمادی الثانی 1444

اپنا تبصرہ بھیجیں