عبادت اور پوجا میں کیا فرق ہے؟

سوال: محترم جناب مفتیان کرام!

السلام علیکم و رحمۃ الله و بركاته!

کچھ قرآن میں کیا پوجا کا لفظ استعمال ہوا ہے تو عبادت اور پوجا میں کیا فرق ہے؟دونوں اللہ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں؟

الجواب باسم ملہم الصواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

عربی زبان میں عبادت اور پوجا دونوں کے لیے “عِبادَت” کا لفظ استعمال ہوتا ہے،جب کہ اردو میں دونوں میں فرق کیا جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ کے لیے عبادت اور بتوں کے لیے پوجا کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے،چنانچہ جب بھی پوجا کا لفظ آتاہے تو ذہن میں بتوں کا ہی تصور آتا ہے ،لہذا اللہ سبحانہ تعالی کے لیے اردو میں یہ لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حوالہ جات

1-يَا أَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ وَالَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ(سورۃ البقرہ آیت 21)

ترجمہ:اے لوگو! اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں پیدا کیا اور ان لوگوں کو (بھی) جو تم سے پیشتر تھے تاکہ تمہیں تقوی مِل جائے ۔

2- وَاعْبُدُواْ اللّٰہَ وَلاَ تُشْرِکُواْ بِهِ شَیْئاً وَبِالْوَالِدَیْنِ إِحْسَاناً وَبِذِیْ الْقُرْبَی وَالْیَتَامَی وَالْمَسَاکِیْنِ وَالْجَارِ ذِیْ الْقُرْبَی وَالْجَارِ الْجُنُبِ وَالصَّاحِبِ بِالجَنبِ وَابْنِ السَّبِیْلِ وَمَا مَلَکَتْ أَیْمَانُکُمْ إِنَّ اللّٰہَ لاَ یُحِبُّ مَن کَانَ مُخْتَالاً فَخُوراً.

(‘‘نساء، 3: 36)

ترجمہ:’’اور تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو اور رشتہ داروں اور یتیموں اور محتاجوں (سے) اور نزدیکی ہمسائے اور اجنبی پڑوسی اور ہم مجلس اور مسافر (سے)، اور جن کے تم مالک ہو چکے ہو، (ان سے نیکی کیا کرو)، بےشک اللہ اس شخص کو پسند نہیں کرتا جو تکبرّ کرنے والا (مغرور) فخر کرنے والا (خود بین) ہو۔

3-اِنَّمَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰهِ اَوۡثَانًا وَّتَخۡلُقُوۡنَ اِفۡكًا‌ ؕ اِنَّ الَّذِيۡنَ تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰهِ لَا يَمۡلِكُوۡنَ لَـكُمۡ رِزۡقًا فَابۡتَغُوۡا عِنۡدَ اللّٰهِ الرِّزۡقَ وَاعۡبُدُوۡهُ وَاشۡكُرُوۡا لَهٗ ؕ اِلَيۡهِ تُرۡجَعُوۡنَ۔

(سورہ العنکبوت،آیت: 1)

ترجمہ: اللہ کو چھوڑ کر بتوں کوپوجتے ہو اور جھوٹی باتیں گھڑتے ہو وہ تمھیں رزق دینے کا کوئی اختیار نہیں رکھتے،اس لیے رزق اللہ کے پاس تلاش کرو اور اس کی عبادت کرو اور اس کا شکر ادا کرو اور اسی کے پاس تمھیں واپس لوٹایا جاۓ گا۔

(آسان ترجمہ قرآن، مفتی تقی عثمانی صاحب)

فقط

واللہ الموفق

19ربیع الثانی 1443ھ

25نومبر 2021 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں