جمعہ کی نماز واجب ہونے اور صحیح ہونے کی شرائط

جمعہ کی نماز واجب ہونے اور صحیح ہونے کی شرائط

1- مقیم ہونا۔ مسافر پر نمازِ جمعہ واجب نہیں۔

2-تندرست ہونا۔ مریض پر نمازِ جمعہ واجب نہیں۔ یہاں وہ بیماری مراد ہے جس کی وجہ سے جامع مسجد تک پیدل نہ جا سکے، بڑھاپے کی وجہ سے اگر کوئی شخص کمزور ہوگیا ہو یا مسجد تک نہ جاسکے یا نابینا ہو، یہ سب لوگ مریض سمجھے جائیں گے اور نمازِ جمعہ ان پر واجب نہیں ہوگی۔

3-آزاد ہونا۔ غلام پر نمازِ جمعہ واجب نہیں۔

4-مرد ہونا۔عورت پر نمازِ جمعہ واجب نہ ہوگی۔

5-جماعت چھوڑنے کے جو عذر پہلے بیان ہوچکے ہیں ان سے محفوظ ہونا۔ اگر ان اعذارمیں سے کوئی عذر موجود ہو تو جمعہ واجب نہیں۔اگر کوئی شخص ان شرائط کے نہ پائے جانے کے باوجود نمازِ جمعہ پڑھے تو اس کی نماز ہوجائے گی، یعنی ظہر کا فرض اس کے ذمہ سے اتر جائے گا، مثلاً: کوئی مسافر یا کوئی عورت نمازِ جمعہ پڑھے۔

جمعہ کی نماز صحیح ہونے کی شرطیں

1-شہر یا قصبہ ہو۔ گاؤں یا جنگل میں نمازِ جمعہ درست نہیں، البتہ جس گاؤں کی آبادی قصبے کے برا بر ہو، مثلاً: تین چار ہزار آدمی ہوں وہاں جمعہ درست ہے۔

2- ظہر کا وقت ہو۔ ظہر کے وقت سے پہلے اور اس کے بعد نمازِ جمعہ درست نہیں، حتیٰ کہ اگر نمازِجمعہ پڑھنے کی حالت میں وقت ختم ہو گیا تو نماز فاسد ہو جائے گی، اگر چہ قعدہ اخیرہ تشہد کے بقدر ہو چکا ہو۔

3- خطبہ یعنی لوگوں کے سامنے اللہ تعالیٰ کا ذکر کر نا۔ چاہے صرف سبحان اللہ یا الحمد للہ کہہ دیا جائے، اگرچہ صرف اتنے خطبے پر اکتفا کر نا خلاف ِسنت ہونے کی وجہ سے مکروہ ہے۔

4-خطبہ نماز سے پہلے ہونا۔ اگر نماز کے بعد خطبہ پڑھا جائے تو نماز نہیں ہوگی۔

5-خطبہ ظہر کے وقت میں ہونا۔ اگر وقت آنے سے پہلے خطبہ پڑھ لیا جائے تو نماز نہیں ہو گی۔

6- جماعت: یعنی امام کے علاوہ کم از کم تین آدمیوں کا ہونا، مگر یہ شرط ہے کہ یہ تین آدمی ایسے ہوں جو امامت کرسکیں، پس اگر صرف عورت یا نابالغ لڑکے ہوں تو نماز نہیں ہوگی۔

7-اگر سجدہ کرنے سے پہلے لوگ چلے جائیں اور تین آدمیوں سے کم باقی رہ جائیں یا کوئی نہ رہے تو نماز فاسد ہو جائے گی، البتہ اگر سجدہ کر نے کے بعد چلے جائیں تو کوئی حرج نہیں۔

8- عام اجازت کے ساتھ علی الاعلان نمازِ جمعہ کا پڑھنا،پس اگرکسی مخصوص جگہ میں نمازِ جمعہ پڑھی جائے جہاں عام لوگوں کو آنے کی اجازت نہ ہو یا جمعہ کو مسجد کے دروازے بند کر لیے جائیں تو نماز نہیں ہو گی۔

اگر کوئی شخص مذکورہ شرائط کے نہ پائے جانے کے باوجود نمازِ جمعہ پڑھے گاتو اس کی نماز نہیں ہوگی، اس کو نمازِ ظہردوبارہ پڑھنا پڑے گی۔ چونکہ جماعت کے ساتھ پڑھی گئی نماز نفل ہوگی اور نفل کا اس اہتمام سے پڑھنا مکروہ ہے، لہٰذا ایسی حالت میں نمازِ جمعہ پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں