شب برات کے مسنون اعمال

سوال : کیافرماتے ہیں علماء کرام  اس مسئلہ کے بارے میں  شب برات کے مسنون اعمال کیاہے ؟

سائل      محمد کامران

سرگودھا  پنجاب  

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب حامداومصلیاً

احادیث نبویہ سے شب براء ت میں مندرجہ ذیل اعمال کا ثبوت  ملتا ہے ۔

۱۔ نفلی عبادات جیسے نوافل، تلاوت ، ذکر، تسبیحات وغیرہ ، لیکن ان میں سے کسی عبادت کا کوئی خاص طریقہ  ثابت نہیں ۔ ہاں بہتر یہ ہے کہ ان عبادات کواخلاص کے ساتھ تنہائی اور یکسوئی میں کیا جائے۔

۲۔کبھی  کبھار قبرستان میں جاکر مردوں  کےلیے دعا کرنا

۳۔پندرھویں شعبان کے دن روزہ رکھنا بھی ایک ضعیف  حدیث سے ثابت ہے البتہ اسے سنت  قراردینا درست نہیں ، ہاں شعبان  کے مہینے  میں روزے رکھنے کی  فضیلت ثابت ہے ، دوسرے یہ کہ پندرہ تاریخ ایام بیض میں سے  بھی ہے اور ایام بیض  کے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم روزے  رکھا کرتے تھے ، تو اگر ان وجوہات  کی وجہ سے پندرہویں شعبان کے دن روزے رکھ لے توباعث ثواب اور ان شاء اللہ موجبِ اجر ہوگا۔

مزید تفصیلات کے لیے حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم کے اصطلاحی خطبات  جلد ۴ ”شب براءت کی حقیقت“ اور ”امدادالسائلین ص ۱۷۸ ج۱ “ملاحظہ فرمائیں ۔

تفسیر الألوسی ۔(۱۸/۴۲۳)

الدر المثور فی التفسیر بالمأثور۔ (۷/۴۰۲)

الدرالمنثور  فی التفسیر بالمأثور ۔(۷/۴۰۳)

الدرا لمنثور فی التفسیر بالمأثور۔(۷/۴۰۵)

درالحکام شرح غرر الأحکام (۱/۱۱۷)

البحر الرائق (۲/۵۴)

الدرالمختار (۲/۲۵)

محمد اویس سیالکوٹی کان اللہ لہ

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

۱۳/رجب /۱۴۳۹ء

31/مارچ/2018

الجواب الصحیح

احقر محمود اشرف  غفراللہ

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

۱۳/رجب /۱۴۳۹ء

31 /مارچ /2018 ء

عربی حوالہ جات وپی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیےلنک پرکلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/1059723357730242/

اپنا تبصرہ بھیجیں