ویڈیوکانفرنس کالنگ سےخطبہ ونماز

آپ سے ایک مسئلہ پوچھناتھا۔ وہ یہ کہ  پچھلے ہفتے سے کورونا وائرس  کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں لاک ڈاؤن  ہوا ہے  پچھلے جمعہ کو ہمارے  بعض مسلمان پاکستانی دوستوں  نے یہ تجویز پیش کی کہ نماز جمعہ zoom پر جواسکائپ  کی طرح  کا ایک ویڈیو لنک سافٹ وئیرہوتا ہے ، پڑھی جائے، اس طرح  سے کہ سب لوگ اپنے اپنے گھروں میں زوم پہ کانفرنس کال میں شرکت  کرلیں امام اپنے گھر سے خطبہ  پڑھے اور پھر امامت کرے اورلوگ اپنے اپنے گھروں سے زوم  پہ اس کی اقتدا کریں ۔ احقر کےعلم میں نہیں تھاکہ اس طرح سے نمازجمعہ  ہوسکتی ہے کہ نہیں اس لیے خیال ہوا کہ آپ سے پوچھ لوں ۔ والسلام

احقرعبداللہ

نیوزی لینڈ

الجواب حامداومصلیا

مقتدیوں کے لیے امام کی اقتداء درست ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط  یہ ہے کہ امام اور مقتدی دونوں  مکان واحد  (ایک جگہ) میں موجود ہوں اگر امام اور مقتدی  الگ الگ جگہ میں ہوں گے تواقتداء درست نہ ہوگی اور نمازنہیں ہوگی  اگرچہ مقتدیوں کوکانفرنس کال کےذریعے امام کی آوازآرہی ہو، لہذا مذکورہ صورت  میں اگر امام اپنے گھرمیں zoom(زوم)  پے نماز پڑھائیں اورمقتدی  اپنے اپنے گھروں میں کانفرنس کال کے ذریعے  امام کی اقتداء کریں توچونکہ امام اور مقتدی  الگ الگ جگہ پرہیں  اس لیے مقتدیوں کی اقتداء درست نہیں ہوگی اور نمازنہیں ہوگی ۔ا س لیے Zoom  ( زوم ) پے کانفرنس کال کےذریعہ  جمعہ یا عام فرض  نمازوں میں امام کی اقتداء کرنے سے اجتناب  کرنا ضروری ہے ۔

فی الدرالمختار 🙁 ۵۵۰/۱)

وفی ردالمحتار : ۵۵۰/۱)

واللہ اعلم بالصواب  

ابراہیم عیسی ٰ

دارالافتاء جامعہ دارالعلوم کراچی

۶/شعبان المعظم  ۱۴۴۱ھ

31/مارچ/2020ء

الجواب صحیح

مفتی جامعہ دارالعلوم کراچی

۶/شعبان المعظم ۱۴۴۱ھ

31/مارچ۔2020ء

عربی حوالہ جات وپی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیےلنک پرکلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/1058019347900643/

اپنا تبصرہ بھیجیں