مختلف ایرلائنز کے کھانوں کا تفصیلی حکم

سوال کیا فرماتے ہیں حضرات مفتیان عظام اس بارے میں کہ مسلم ممالک کی ایرلائن میں دوران پرواز جو کھانا پیش کیا جاتا ہے آیا وہ حلال ہوتا ہے؟ خصوصاً اس فلائٹ میں جو کسی غیر مسلم ملک سے اڑان بھر کر واپسی آ رہی ہو، کیونکہ ہر فلائٹ مقامی شہر سے مسافروں کے لیے کھانا معاہدے کے مطابق خریدتی ہے۔ کیا اس پر حلت کا حکم لگایا جا سکتا ہے؟

مذکورہ بات کا اہتمام کرنے والے بعض مسافر ٹکٹ خریدتے وقت ہی پیغام لکھوا دیتے ہیں کہ ہمیں حلال کھانا دیا جائے

بعض مرتبہ دیکھا ہے کہ اگر ایر لائن اس مسافر کی درخواست پر حلال کھانا فراہم کرتی ہے تو اس پر کسی کمپنی کا جاری کردہ حلت کی سند کا اسٹیکر چسپاں ہوتا ہے، اس کا کتنا اعتبار ہے؟ اگر کوئی مسافر مذکورہ باتوں کا اہتمام نہ رکھ سکے تو ہر قسم کے شک سے بچنے کے لیے صرف مچھلی یا چاول پر اکتفا کر سکتا ہے؟ برائے مہربانی صحیح رہنمائی فرما کر ممنون و مشکور فرمائیں۔

جواب 

مختلف ایر لائنز میں دورانِ پرواز جو کھانا پیش کیا جاتا ہےاس حوالے سے اصولی جواب درجِ ذیل ہے واضح رہے کہ کسی خاص ایر لائن کے بارے میں یہ جواب نہیں۔ 

ایر لائنز میں دورانِ پرواز جو کھانا پیش کیا جاتا ہے اس کی دو قسمیں ہیں: 

1  مچھلی، گوشت کے بغیر بنے ہوئے سادہ چاول سبزی، سلاد وغیرہ۔ 

2  خالص گوشت اور گوشت پر مشتمل مصنوعات برگر، سینڈ ویج، سالن وغیرہ۔ 

ان میں پہلی قسم کے بارے میں شرعی اعتبار سے زیادہ تحقیق کرنا ضروی نہیں، لیکن اگر کوئی مزید احتیاط برتے اور اس کے حوالے سے بھی حلال ہونے کی یقین دہانی حاصل کر لے تو بہت اچھی بات ہے۔ دوسری قسم کے کھانے پینے کی چیزوں کے بارے میں درج ذیل تفصیل ہے: 

اس مسئلہ میں کئی صورتیں ممکن ہیں: 

٭  ایر لائن مسلمان ملک کی ہے اور مسلمان ملک سے ہی اڑان بھرے۔ 

٭  ایر لائن مسلمان ملک کی ہے اور غیر مسلم ملک سے ہی اڑان بھرے۔ 

٭  ائیر لائن غیر مسلم ملک کی ہے اور مسلمان ملک سے ہی اڑان بھرے۔ 

٭  ائیر لائن غیر مسلم ملک کی ہے اور غیر مسلم ملک سے ہی اڑان بھرے۔ 

دوران پرواز درج ذیل میں سے کوئی ایک صورت پیش آ سکتی ہے: 

کھانے کی چیزوں کے ساتھ کوئی مستند حلال سرٹیفیکیٹ یا کسی مستند مسلمان حلال سرٹیفکیشن ادارے کا حلال کا نشان (LOGO OF HALAAL) لگا ہوا ہے یا نہیں۔ اگر اس طرح کوئی مستند لوگو لگا ہوا ہو تو ایرلائنز کی چاروں صورتوں میں ایسا کھانا کھانا جائز ہے۔ 

2  مصنوعات پر حلال کا مستند نشان (LOGO OF HALAAL) نہیں لگا ہوا یا اس پر صرف از خود حلال کا لفظ لکھا گیا ہے، یا جہاز کا عملہ اس کے حلال ہونے کی تصدیق کرے۔ اس صورت میں اگر ائیر لائن مسلمان ملک کی اور حلال کی تصدیق کرنے والا جہاز پر موجود عملہ بھی مسلمان ہو تو ان کی بات پر اعتماد کر کے ایسا کھانا کھا سکتے ہیں۔ 

حلال کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ یا حلال کا مستند نشان (LOGO OF HALAAL) نہیں لگا ہوا اور ایر لائن غیر مسلموں کی ہو۔ جب کہ اس نے اڑان بھی غیر مسلم ملک سے بھری ہو۔ ایسی صورت میں اس طرح کھانے کا استعمال جائز نہیں۔ 

4  ایر لائن غیر مسلم کی ہے لیکن اس نے اڑان مسلمان ملک سے بھری ہے، اس صورت میں اگر ایر لائن کا عملہ اس بات کی تصدیق کرے کہ ہم نے کسی مسلمان کی کیٹرنگ سروس سے یہ کھانا تیار کروایا ہے تو اس صورت میں اس کا کھانا حلال ہے ورنہ اس سے بچنا ضروری ہے۔

شریعہ ڈیپارٹمنٹ، حلال فاؤنڈیشن

اپنا تبصرہ بھیجیں