آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کا حکم

عرض یہ ہے کہ میں آن لائن ڈیجیٹل کرنسیز پے ٹرینڈنگ کرتا ہوں۔ جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے کرنسی جیسے

Euraud. Eurjpy. Eurusd. Usdjyp. Usdaud. Gbpjpy

اور ایسے 70 سے 80 کرنسیز کا آپس میں ٹرینڈنگ کرتا ہوں۔ اب آج کل سونا gold پر بھی آن لائن ٹرینڈنگ اسٹارٹ ہوگئی ہے۔ تو اب اس کے بارے میں رائے لینا چاہتا ہوں کہ آیا میں اس پر ٹرینڈ کرسکتا ہوں ؟

امید ہے آپ مجھے اچھا جواب دیں گے۔ والسلام

علی اصغر

الجواب حامدا ومصلیا

ڈیجیٹل کرنسیز کی خرید و فروخت کا مسئلہ دارالافتاءجامعہ دارالعلوم کراچی میں فی الحال زیر غور ہے، لہذا اس بارے میں دارالافتاء سے کوئی رائے نہیں دی جاسکتی۔

جہاں تک سونے کی آن لائن خرید و فروخت کا تعلق ہے تو اس کے شرعی حکم سے قبل یہ بات سمجھنی ضروری ہے کہ کسی منقولہ شئی کو آگے فروخت کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس شیئ پر بیچنے والے کا قبضہ ہو، اور قبضہ کے لیے تخلیہ ضروری ہے یعنی مبیع اور مشتری کے درمیان ہر قسم کا مانع اور رکاوٹ دور ہوکر بائع کی طرف سے مشتری کو یہ اختیار عرفا اس بات کا مکمل اختیار حاصل ہوجائے کہ وہ مبیع میں جس قسم کا مالکانہ تصرف کرنا چاہے کرسکے۔ نیز خریدار کی طرف خریدی ہوئی شیئ کا ضمان اس طرح منتقل ہوجائے کہ اگر وہ شیئ تباہ ہو تو سارا نقصان خریدار کا ہو۔ اس طرح کے قبضے کے بغیر خریدار کو وہ شئی آگے فروخت کرنا شرعا جائز نہیں۔

اس تمہید کے بعد آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق آن لائن گولڈ کی خرید و فروخت میں خریدار کو ہر قسم کے مالکانہ تصرف پر قدرت نہیں ہوتی اور نہ ہی سونے کی تعین ہوتی ہے اور نہ ہی اس کا ضمان خریدار کی طرف اس طرح منتقل ہوتا ہے کہ اگر وہ سونا ضائع ہوجائے تو خریدار کا نقصان ہو، سونے کی محض قیمت بڑھنے یا گھٹنے کا خطرہRisk ہوتا ہے۔ اور یہ خطرہ سونے کی آگے فروختگی کے جواز کے لیے شرعا معتبر نہیں، لہذا یہ کاروبار شرعا نا جائزہے ۔

واللہ تعالی اعلم 

محمود اشرف

14۔2۔1444ھ

14۔10۔2019

پی ڈی ایف فائل میں فتویٰ حاصل کرنےکےلیےلنک پرکلک کریں :

https://www.facebook.com/groups/497276240641626/permalink/942408502795062/

آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کا حکم (93-2113)

اپنا تبصرہ بھیجیں