بلی کا رونا

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
بلی کا گھر میں رونا کیسا ہے ؟
رات بھر گھر میں روتی رہے۔

الجواب باسم ملہم الصواب
جس طرح دوسرے جانورکھاتے پیتے اور چلتے ہیں ،اپنی طبیعت کےتقاضے سے روتے اورمختلف آوازیں بھی نکالتے ہیں اسی بھی بھی رو سکتی ہے،لہذا اس کے رونے کو منحوس سمجھنا درست نہیں۔اللہ کی ذات پر ایمان و توکل اور اعتقاد کا تقاضا ہے کہ بدفالی، نحوست اور توہم پرستی کے نظریات کو جھٹلایا جائے۔
——————
حوالہ جات :
1۔ سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ، يَقُولُ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لاَ عَدْوَى وَلاَ طِيَرَةَ، وَلاَ هَامَةَ وَلاَ صَفَرَ۔
(صحیح بخاری: 5707)
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”چھوٹ لگنا، بد شگونی لینا، الو کا منحوس ہونا یہ سب لغو خیالات ہیں ۔

2۔وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ حَاتِمٍ، وَحَسَنٌ الْحُلْوَانِيُّ، قَالَا: حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ وَهُوَ ابْنُ إِبْرَاهِيمَ بْنِ سَعْدٍ، حَدَّثَنَا أَبِي، عَنْ صَالِحٍ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ، أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ وَغَيْرُهُ، أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ، قَالَ: إِنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «لَا عَدْوَى وَلَا طِيَرَةَ وَلَا صَفَرَ وَلَا هَامَةَ»۔
(صحیح مسلم: 2220)
ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے فر یا : کسی سے کو ئی مرض خود بخود نہیں چمٹتا ،نہ بد فالی کی کو ئی حقیقت ہے نہ صفر کی نحوست کی اور نہ کھوپڑی سے الونکلنےکی.

3۔ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ الطِّيَرَةُ شِرْكٌ الطِّيَرَةُ شِرْكٌ ثَلَاثًا وَمَا مِنَّا إِلَّا وَلَكِنَّ اللَّهَ يُذْهِبُهُ بِالتَّوَكُّلِ۔
(سنن ابو داؤد: 3910)
ترجمہ: سیدنا عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بدشگونی شرک ہے، بد شگونی شرک ہے۔“ تین بار رسول اللہ ﷺ فرمایا۔ اور ہم میں سے ہر ایک کو کوئی نہ کوئی وہم ہو ہی جاتا ہے، مگر اللہ عزوجل اسے توکل کی برکت سے زائل کر دیتا ہے۔
————————–
1۔اسلام میں نحوست اور بدشگونی کا کوئی تصور نہیں۔یہ محض توہم پرستی ہے۔حدیث شریف میں بدشگونی کے عقیدے کی تردید فرمائی گئی ہے۔
(آپ کے مسائل اور ان کا حل: جلد 1، صفحہ 358)
—————————
واللہ اعلم بالصواب
1فروری2023
10رجب 1444

اپنا تبصرہ بھیجیں