زیادہ عمر بتا کر کاروبار کرنا

سوال: میں 16 سال کا ہوں۔eBay پر جولائی سے آنلائن کاروبار شروع کیا ہے۔ eBay پر 18 سال کی عمر کے بعد کاروبار کر سکتے ہیں۔ میں نے اپنی عمر زیادہ لکھ دی لیکن اب مجھے احساس ہوا ہے کہ یہ تو جھوٹ ہے اب کیا یہ ساری رقم حرام ہے؟ کیا اس سب رقم کو صدقہ کرنا ہوگا؟
کیا میرے لیے اپنے والدین کے نام سے ان کی اجازت سے اکاؤنٹ بنا کر کاروبار کرنا جائز ہوگا؟

الجواب باسم ملھم الصواب:
1۔بلاشبہ زیادہ عمر بتانا جھوٹ ہے، جس پر قرآن مجید میں سخت وعید وارد ہوئی ہے، اس پر توبہ کریں۔ البتہ کمائی گئی رقم کا تعلق کاروبار کی نوعیت سے ہے اگر وہ شرعی تقاضوں کے مطابق ہے، حلال اشیاء کی خریدوفروخت ہے تو کمائی گئی رقم حلال ہوگی۔ لیکن اگر تجارت کے شرعی تقاضے پورے نہ کیے جا رہے ہوں، تو حلال نہ ہوگی۔ البتہ جھوٹ کے گناہ سے توبہ کے طور پر کچھ رقم صدقہ کردیں تو بہتر ہوگا۔
2۔اپنے والدین کے نام سے اکاؤنٹ بنا کر ان کے نائب کے طور پر کام کرنا درست ہوگا۔
************
حوالہ جات :
1: سنن ابی داؤد:
’’ایاکم والکذب ،فان الکذب یھدی الی الفجور،وان الفجور یھدی الی النار ۔۔الخ‘‘
جھوٹ سے بچو، بیشک جھوٹ گناہ کی طرف لے جاتا ہے اور گناہ جہنم کی طرف لے جاتے ہیں۔
(سنن ابی داؤد ،کتاب الادب ،2/339،ط لاھور)

2: الفتاوى الهندية:
”أما شرائط الانعقاد فأنواع منها في العاقد وهو أن يكون عاقلا مميزا كذا في الكافي والنهاية ۔(فتاوی ھندیہ؛ 19 / 353)

3: رد المحتار:
”اَلصَّبِیُّ الْعَاقِلُ اِذَا بَاعَ اَوِ اشْتَرَی اِنْعَقَدَ بَیْعُہ وَشِرَاؤُہ مَوْقوفاً عَلٰی اِجَازَۃِ وَلِیِّہٖ اِنْ کَانَ لِنَفْسِہٖ وَنَافِذاً بِلَا عُھْدَۃٍ عَلَیْہِ اِنْ کَانَ لِغَیْرِہٖ بِطَرِیْقِ الْوِلَایَۃِ“
(ردالمحتار،244/7)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

19 جنوری 2023ء
26 جمادی الاولی 1444ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں