مسائل حج

🕋مسائل حج🕋

حج کی قسمیں 3 ہیں

1: حج افراد : میقات سے صرف حج کا احرام باندھنا ۔ 

2 :حج قران : حج کے مہینے میں حج اور عمرے کا ایک ساتھ ایک ہی احرام باندھنا

3: حج تمتع : حج کے مہینے میں پہلے عمرے کا اور پھر حج کا احرام باندھنا

حج کے فرائض 3 ہیں

1: احرام باندھنا ۔

2: وقوف عرفہ کرنا۔

3: طواف زیارت کرنا ۔

حج کے واجبات 21 ہیں

1: میقات سے احرام باندھنا۔

2 وقوف عرفات کو غروب تک دراز کرنا ۔

3: یوم نحر (10 ذی الحجہ) کی فجر کے بعد سورج نکلنے سے پہلے مزدلفہ میں قیام کرنا۔

4: جمرات پرکنکری پھینکنا ۔

5: قارن اور متمتع کو قربانی کرنا ۔

6:…… سر منڈوانا(یا بال کٹوانا)۔

7: اور اس کو خاص حرم میں اور ایام نحر میں کرنا۔

8: رمی کو حلق سے مقدم کرنا ۔

9: قارن اور متمتع کا رمی اورحلق کے درمیان نحر (دم شکر ادا) کرنا۔

10: طواف زیارت کو ایام نحر (10 تا 12 ذی الحجہ) میں کرنا۔

11: صفا ، مروہ کی سعی حج کے مہینوں میں کرنا۔

12: اس سعی کا اعتبار طوافِ کے بعد ہونا۔

13: غیر معذور کے لئے چل کر سعی کرنا۔

14: سعی کا صفا سے شروع کرنا۔

15: طوافِ وداع کرنا۔

16: بیت اللہ کے ہر طواف کو حجر اسود سے شروع کرنا۔

17: تیامن یعنی داہنے ہاتھ سے شروع کرنا۔

18: غیر معذور کے لئے پیدل طواف کرنا۔

19: دونوں حدث (چھوٹی ناپاکی اور بڑی ناپاکی ) سے پاک ہونا۔

20: ستر چھپانا۔

21: ممنوعات کا ترک کرنا۔

نوٹ : ان میں سے بعض واجبات کے چھوڑنے سے دم لازم ہوتا ہے اور بعض کے چھوڑنے سے دم لازم نہیں ہوتا۔

 حج کی سنتیں 60 ہیں

1: احرام کے لئے غسل کرنا۔

2: یا وضو کرنا۔

3 : لنگی اور چادر پہننا جو نئے اور سفید ہوں۔

4: خوشبو لگانا۔

5: احرام کی دو رکعت پڑھنا۔

6: احرام کے بعد لبیک کی کثرت کرنا

7: تلبیہ میں آواز کو بلند کرنا جب نماز پڑھے (مرد کے لئے)

8: یا بلندی کی طرف چڑھے 

9: یا نیچے کی طرف اترے ،

10: یا(کسی) سوار سے ملے

11: اور صبح کے وقت ۔

12: اور جب بھی تلبیہ پڑھے بار بار پڑھے 

13: اورنبی پاک ﷺ پر درود پڑھنا

14: اور جنت ، و نیکوں کا سوال کرنا۔

15: اور جہنم سے پناہ مانگنا۔ 

16: مکہ میں داخلہ کے لئے غسل کرنا۔

17: دن میں باب معلی سے مکہ میں داخل ہونا۔

18: بیت اللہ کی زیارت کے وقت اللہ اکبر اور لا الہ ا لا اللہ پڑھنا۔

19: بیت اللہ کو دیکھتے ہی محبوب چیز کی دعا مانگنا ۔

20: طواف قدوم کرنا چاہے حج کے مہینے نہ ہو۔

21: اس طواف میں اضطباع و رمل کرنا جس کے بعد سعی کرنی ہو۔

22: مرد کے لئے میلین اخضرین کے درمیان دوڑنا اور باقی میں آہستہ چلنا۔

23: کثرت سے طواف کرنا ، آفاقی کے لئے یہ نفل نماز سے افضل ہے۔

24: سات ذی الحجۃ کو مکہ میں نماز ظہر کے بعد خطبہ دینا (امام کے لئے)

25: اور یہ ایک خطبہ ہوگا بغیر درمیان میں جلسہ کئے ہوئے۔

26: اس میں لوگوں کو حج کے مناسک سکھلائے جائیں۔

27: (۸ ؍تاریخ )کو مکہ سے منی کے لئے طلوع آفتاب کے بعد نکلنا۔

28: اور رات منی میں گزارنا۔

29: پھر یوم عرفہ(۹؍)کو منی سے عرفات کے لئے طلوع شمس کے بعد نکلنا

30: عرفات میں امام زوال کے بعد دو خطبے دے ۔

31: اور ان کے درمیان بیٹھے۔

32: ان دونوں مجموعوں میں تضرع ،خشوع، آنسو بہا کر رونا۔

33: اور اپنے لئے، والدین کے لئے اور مسلمانوں کے لئے خوب دعا کرنا۔

34: پھر عرفات سے غروب کے بعد وقار اور سکون سے نکلنا۔

35: مزدلفہ میں بطن وادی سے ہٹ کر جبل قزح کے پاس اترنا۔

36: اور دسویں شب مزدلفہ میں قیام کرنا۔

37: اور منی کے دنوں (۱۰ ؍۱۱؍۱۲) منی میں رات گذارنا۔

38: رمی جمار کے وقت منی کو دائیں جانب اور مکہ کو بائیں جانب رکھنا۔

39: تما م دنوں جمرۂ عقبہ کی رمی کے وقت سوار ہونا۔

40: اور جمرۂ اولی کے وقت پیدل چلنا ۔

41: اور جمرہ ٔوسطی کی رمی کے وقت پیدل چلنا۔

42: اور رمی کے وقت بطن وادی میں کھڑا ہونا۔

43: رمی کا پہلے دن طلوع شمس اور زوال کے درمیان میں ہونا۔

44: اور باقی دنوں میں زوال اور غروب کے درمیان ہونا۔

45: حجِ افراد کرنے والے کے لئے ہدی کا ذبح کرنا بھی سنت ہے۔

46: حج افراد کی ہدی سے اور نفل ہدی سے اور قران و تمتع کی قربانی سے کھانا۔ 

47: یوم نحر کو پہلے خطبہ کی طرح خطبہ کہنا سنت ہے۔

48: اس میں حج کے بقیہ مناسک سکھلائے جائیں۔

49: بارہ تاریخ کو منی سے نکلنے کا ارادہ ہو تو غروب شمس سے پہلے جلدی کرنا 

50: منیٰ سے نکلنے کے بعد تھوڑی دیرمقام محصب میں اترنا سنت ہے۔

51: اور زمزم کے پانی کو خوب سیراب ہو کر پینا۔

52: بیت اللہ کی طرف منھ کرکے ، اس میں دیکھتے ہوئے پینا ۔

53: کھڑے ہو کر پینا۔

54: زمزم پانی تھوڑا سا اپنے سر اور جسم پر ڈالنا۔

55: ملتزم سے چمٹنا اس طرح پر کہ اپنا سینہ اور منھ اس پر رکھے سنت ہے۔

56: تھوڑی دیر کے لئے اپنی محبوب چیز کی دعا مانگتے ہوئے غلاف کو تھامنا۔

57: بیت اللہ کی چوکھٹ کا بوسہ دینا۔

58: بیت اللہ میں ادب و عظمت سے داخل ہونا( اگر ہوسکے)

59: زیارت مدینہ کرنا ۔

60 حضور ﷺ پر درود و سلام پڑھنا۔

لغت : 

اضطباع : احرام کی چادر کو دائیں بغل کے نیچے سے گزار کر بائیں کندھے کے اوپر ڈالنے کو اضطباع کہتے ہیں ۔

رمل : جس طواف کے بعد سعی ہو اس کے تین پہلے تین چکر میں ذرا اکڑ کر چلنے کو رمل کہتے ہیں ، یہ سنت ہے۔

جنایت کی 4 قسمیں اور اس کا مجموعہ 38 جنایتیں ہیں

1: وہ جنا یت جس میں *دم* واجب ہوتا ہے وہ 14 ہیں۔

2: وہ جنایت جس میں آدھا صاع گیہوں صدقہ واجب ہوتا ہے وہ 13 ہیں ۔

3: وہ جنایت جس میں آدھا صاع سے کم صدقہ واجب ہوتا ہے۔ 

4: وہ جنایت جس میں قیمت واجب ہوتی ہے ۔

دم یعنی بکری واجب کرنے والی جنایتیں 14ہیں

1: کوئی بالغ محرِم عضو پر خوشبو لگالے۔ 

2: اپنے سر کو مہندی سے رنگے۔

3: خوشبودار تیل لگائے۔

4: سلا ہوا کپڑا پہنے۔

5: پورے ایک دن سر کو چھپائے۔

6: چوتھائی سر منڈوالے۔

7: پچھنا لگانے کی جگہ کے بال کو کاٹے ۔

8: ایک بغل کے بال کو کاٹے۔ 

9: زیر ناف بال کو کاٹے ۔

10: گردن کے بال کو کاٹے۔

11: دونوں ہاتھ اور پیر کے ناخن کو ایک مجلس میں کاٹے۔ 

12: ایک ہاتھ یا ایک پیر کے ناخن کو کاٹ لے۔

13: حج کے واجبات میں سے کسی ایک واجب کو ترک کردے۔

14: حالت جنابت میں طواف کرلے، تو ان سب صورتوں بکری لازم ہے۔

وہ جنایات جن سے آدھاصاع گیہوں واجب ہوتا ہے ،13 ہیں

1: مکمل عضو سے کم پر خوشبو لگائے۔

2: ایک دن سے کم سلا ہوا کپڑا پہنے۔

3: ایک دن سے کم اپنا سر ڈھانپے۔

4: سر کے چوتھائی سے کم بال منڈوائے۔

5: پانچ ناخن سے کم کاٹے۔

6: ہر ناخن کے بدلے نصف صاع ہے۔

7: حالت حدث(بے وضو) میں طواف قدوم یاطواف صدر کرے ۔

8: یا طواف صدر میں ایک چکر چھوڑ دیا۔

9: دو تین چکر طواف چھوڑے ، تو ہرایک کے بدلے آدھا صاع۔

10: کسی جمرہ پر ایک کنکری چھوڑدی۔

11: سات کنکری سے کم چھوڑے تو ہر کنکری کے بدلے آدھا صاع۔

12:  یا اپنے علاوہ کسی(محرم یا حلال) کا سر حلق کیا۔

13: اگر عذر سے خوشبو لگائی ، یا سلا ہوا کپڑا پہنا ،یا حلق کیا تو اسے اختیا ر دیا جائے گا کہ ذبح کرے ،یا تین صاع چھ مساکین پر صدقہ کرے یا تین روزے رکھے ۔

وہ جنایت نصف صاع سے کم واجب کرتی ہے ایک ہے

1:  جوں یا ٹڈی کو مارے تو جو چاہے صدقہ کرے۔

وہ جناتیں جو قیمت کو واجب کرتی ہیں 10 ہیں

1  اگرمحرم نے شکار کو قتل کیا پوری قیمت لازم ہوگی۔

2:  شکار کا ایسا عضو کاٹا کہ بھاگ نہیں سکتا تو پوری قیمت لازم ہوگی ۔

3:  پرندے کا ایسا پر اکھاڑا کہ اڑ نہیں سکتا تو پوری قیمت لازم ہوگی۔

4:  پرندے کا ایسا پر کاٹا کہ وہ اڑ سکتا ہو تو جو قیمت کم ہوئی وہ لازم ہوگی۔

5: پرندے کا ایسا پر نوچا کہ وہ اڑ سکتا ہو تو جو قیمت کم ہوئی وہ لازم ہوگی۔

6:  جانورکا ایسا عضو کاٹا کہ بھاگ سکتاہو تو جو قیمت کم ہوئی وہ لازم ہوگی۔ 

7: یا انڈے کو توڑنے سے انڈے قیمت واجب ہوگی ۔

8: اور درندے کے قتل پر بکری کی قیمت سے تجاوز نہ ہوگا۔

9:  حلال حرم کاشکار مارے تو پوری قیمت ہے۔ 

10:  حرم کی گھاس اور خود رو درخت کے کاٹنے سے اس کی قیمت ہے۔

ان جانوروں کے قتل سے کچھ واجب نہیں ہوتا وہ 14 ہیں

1: کوا

2: چیل

3:  بچھو

4: چوہا

5:  سانپ 

6:  پاگل کتا

7:  مچھر 

8: چیونٹی 

9:  پسو 

10:  چیچڑی

11:  کچھوا

12:  اور جس کا شکار نہ ہوتا ہو اسکے مارنے سے کچھ واجب نہیں۔ 

13:  اگر (درندہ )حملہ کرے تو اس کے قتل پر کچھ بھی واجب نہیں ۔ 

14: پالتو جانور کے قتل کرنے سے کچھ واجب نہیں ہوتا ۔

جن جانورں کا گوشت ذبح کرنے والا کھا سکتا ہے 4 ہیں

1   دم تمتع

2   دم قران 

3    نفلی ہدی 

4   قربانی کا گوشت خود کھا سکتا ہے

جن جانور ں کا گوشت ذبح کرنے والا نہیں کھا سکتا ہے 6 ہیں

1   جنایات کا دم 

2   کفارات کا دم 

3   شکار کا بدلہ 

4   بیماری کی وجہ سے ہدی کو راستے میں ذبح کر نا پڑا ہو 

5   احصار کا دم 

6   نذر کا دم

جن جانورں کو حرم میں ذبح کر نا ضروری ہے 5 ہیں

1  دم تمتع

2   دم قران 

3   نفلی ہدی 

4    دم احصار

5    شکار کا بدلہ

جس جانور کو حرم میں ذبح کر نا ضروری نہیں وہ 1ہے

1 ہدی بیمار ہو گئی ہو تو جہاں چا ہے ذبح کرے

جن جانورں کو ایام النحر میں ذبح کر نا ضروری ہے،وہ 3 ہیں

1   دم تمتع 

2   دم قران 

3  بہتر ہے کہ نفلی ہدی کو بھی یوم النحر میں ذبح کرے ۔

حضرت مفتی مولانا فدا حسین دامت برکاتھم کےوال سے

اپنا تبصرہ بھیجیں